• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا کی قسم ڈیلٹا سے متاثر افراد کے ہسپتال داخلے کا خطرہ دگنا بڑھ جاتا ہے، تحقیق

شائع August 29, 2021
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں دریافت کی گئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں دریافت کی گئی — شٹر اسٹاک فوٹو

کورونا کی قسم ڈیلٹا سے بیمار ہونے والے افراد کا ہسپتال میں داخل ہونے کا خطرہ ایلفا قسم کے مقابلے میں دگنا زیادہ ہوتا ہے۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے دریافت کی گئی۔

تحقیق میں عندیہ دیا گیا کہ کورونا کی زیادہ متعدی قسم ڈیلٹا سے طبی سروسز کو اضافی دباؤ کا سامنا ہوسکتا ہے بالخصوص ان مقامات پر جہاں ویکسنیشن کی شرح کم ہو۔

بھارت میں سب سے پہلے دریافت ہونے والی کورونا کی اس قسم کو پہلے ہی برطانیہ میں نمودار ہونے والی قسم ایلفا سے زیادہ متعدی قرار دیا جاچکا ہے۔

اس نئی تحقیق میں ڈیلٹا کی لوگوں کو زیادہ بیمار کرنے کی اہلیت پر روشنی ڈالی گئی خاص طور پر وہ افراد جن کی ابھی تک ویکسینیشن نہیں ہوئی۔

اس تحقیق کے لیے محققین نے برطانیہ میں 29 مارچ سے 22 مئی 2021 کے دوران ریکارڈ ہونے والے 43 ہزار 338 کووڈ کیسز کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔

ان میں سے صرف 1.8 فیصد مریض ایسے تھے جن کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی تھی، 24 فیصد نے ویکسین کی ایک خوراک کا استعمال کیا تھا جبکہ 74 فیصد کی ویکسینیشن نہیں ہوئی تھی۔

کووڈ ٹیسٹ میں بیماری کی تشخیص کے 14 دن کے اندر ہسپتال میں داخل ہونے والے کیسز میں ایلفا سے متاثر افراد کی شرح 2.2 جبکہ ڈیلٹا کیسز کی 2.3 فیصد تھی۔

مگر اہم عناصر جیسے عمر، نسل اور ویکسنیشن اسٹیٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے محققین نے دریاففت کیا کہ ایلفا کے مقابلے میں ڈیلٹا سے متاثر مریضوں کا ہسپتال میں داخلے کا خطرہ 2.26 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی اس تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا تھا کہ تحقیق سے ان سابقہ نتائج کی تصدیق ہوتی ہے کہ ڈیلٹا سے متاثر افراد میں بیماری کی شدت بڑھنے کا امکان ایلفا کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم یہ پہلے سے جانتے ہیں کہ ویکسنیشن سے ڈیلٹا کے خلاف زبردست تحفظ ملتا ہے اور ہر ایک کے لیے ضروری ہے کہ وہ ویکسین کی 2 خوراکوں کا استعمال کرے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیٹا سے ویکسنیشن کے بعد ایلفا یا ڈیلٹا سے متاثر افراد کے ہسپتال میں داخلے کے خطرے کا حتمی نتیجہ نہیں نکالا جاسکتا کیونکہ تحقیق میں مکمل ویکسنیشن والے افراد کی تعداد زیادہ نہیں تھی۔

اس تحقیق کے لیے مریضوں کے نمونوں سے وائرس کے جینوم سیکونس کے ذریعے قسم کی تصدیق کی گئی تھی۔

تحقیق کے دورانیے کے دوران برطانیہ میں ایلفا قسم زیادہ پھیل رہی تھی تو 80 فیصد کیسز اس کا نتیجہ تھے مگر تحقیق کے آخری ہفتے میں دوتہائی کیسز ڈیلٹا کا نتیجہ تھے اور اس کے بعد وہ برطانیہ میں تیزی سے پھیلنا شروع ہوا۔

اس سے قبل اسکاٹ لینڈ کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ڈیلٹا سے بیمار افراد کا ہسپتال پہنچنے کا خطرہ دیگر اقسام کے مقابلے میں دگنا زیادہ ہوتا ہے۔

اس نئی تحقیق میں تصدیق کی گئی کہ ایک بار بیمار ہونے پر ڈیلٹا سے متاثر مریض کے ہسپتال میں داخلے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے دی لانسیٹ میں شائع ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024