• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پی آئی اے پر پابندی لگانے والے افغانستان سے انخلا کیلئے اس کی مدد مانگ رہے ہیں، فواد چوہدری

شائع August 28, 2021
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز

افغانستان میں انخلا کی کوششوں کے حوالے سے پاکستان کے لیے بین الاقوامی تعریفوں کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) پر پابندی عائد کی تھی اب وہ اسی ایئر لائن سے اپنے لوگوں کے انخلا کے لیے مدد مانگ رہے ہیں'۔

وفاقی وزیر نے یہ ریمارکس یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی جانب سے جولائی 2020 میں پی آئی اے پر پابندی کے حوالے سے دیے جو کہ حفاظتی کمی اور پائلٹ لائسنسنگ کی اجازت کے عمل سے متعلق مسائل پر تھا۔

کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بین الاقوامی قوتوں کو سوچ مجھ کر فیصلے کرنے چاہئیں نہ کہ طاقت سے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اب تک افغانستان سے 4 ہزار 400 سے زائد افراد کو نکال چکا ہے اور ان میں سے صرف پی آئی اے 2 ہزار سے زائد افراد کو ملک میں لایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ چمن بارڈر سے 27 ہزار لوگ اور چند طورخم بارڈر سے پاکستان پہنچے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ درست دستاویزات رکھنے والے افغان شہری پاکستان آ سکتے ہیں، ہم افغانستان سے مکمل تعاون کریں گے اور یہ تب ہی مستحکم ہو سکتا ہے جب ان کے ادارے برقرار ہوں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ افغانستان سے انخلا کے عمل میں پاکستان کی کاوشوں کی پوری دنیا معترف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق وزیر اعظم کی ایک ایک بات حرف بہ حرف درست ثابت ہوئی، اگر پاکستان کے مشورے پر عمل کیا جاتا تو افغانستان کی صورتحال مختلف ہوتی۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ افغانستان میں حکومت بنانا وہاں کے لوگوں کا کام ہے، ہماری خواہش ہے کہ تمام اقوام پر مشتمل حکومت بنانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کے بیانات اس حوالے سے کافی حوصلہ کن ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر اشاریے بتا رہے ہیں کہ پاکستان استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، پی ڈی ایم کے جلسے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے کوششیں جاری ہیں، فواد چوہدری

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس جلسے کے بعد مولانا فضل الرحمٰن پھر بیمار ہوجائیں گے اور شہباز شریف کو چاہیے کہ فیصلہ کریں کہ مسلم لیگ (ن) کا لیڈر کون ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'مسلم لیگ (ن) کو اپوزیشن کی 3 سالہ کارکردگی سامنے رکھنی چاہیے تاکہ لوگوں کو موازنہ کرنے کا موقع مل سکے'۔

حکومت سندھ پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو 3 سالوں میں 1900 ارب روپے وفاقی حکومت سے ملے ہیں، سندھ کے میڈیا کو صوبائی حکومت سے کارکردگی رپورٹ طلب کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی والوں کو لگ رہا ہے کہ پیسا اندرون سندھ خرچ ہوا جبکہ اندرون سندھ والے سوال کر رہے ہیں کہ یہ پیسا گیا کہاں۔

انہوں نے کہا کہ پورا صوبہ بحران کا شکار ہے، بدانتظامی ہے اور یہاں لاڈلے ارکان ایک کام پر لگے ہیں کہ پیسے کیسے دبئی اور دیگر ممالک منتقل کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فنڈنگ رکنے سے ٹی ٹی پی انتشار کا شکار ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ میں گورننس کا حال تشویشناک ہے، یہ آخری مرتبہ تھا اب سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ 'پورے پاکستان میں لوگوں کو صحت کارڈ دیا جارہا ہے مگر یہاں یہ لوگ اپنے عوام کو یہ بھی دینا نہیں چاہتے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اگر ہم نے براہ راست کام کیا تو کہتے ہیں کہ صوبائی معاملات میں مداخلت کرتے ہیں، نہ خود کام کرتے ہیں نہ کرنے دیتے ہیں'۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024