• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

داعش خراسان گروپ کا کابل ایئرپورٹ حملے کا 'منصوبہ ساز' ڈرون حملے میں مارا گیا، امریکا

شائع August 28, 2021
اس اعلان میں ہدف کی نشاندہی نہیں کی گئی — فائل فوٹو / ڈان
اس اعلان میں ہدف کی نشاندہی نہیں کی گئی — فائل فوٹو / ڈان

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے مشرقی افغانستان میں داعش خراسان گروپ کے خلاف ڈرون حملہ کیا جس میں کابل ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملے کا 'منصوبہ ساز' مارا گیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن بِل اَربن نے بیان میں کہا کہ 'امریکی افواج نے آج داعش خراسان گروپ کے منصوبہ ساز کے خلاف انسداد دہشت گردی آپریشن کیا'۔

انہوں نے کہا کہ 'ڈرون حملہ افغانستان کے صوبے ننگرہار میں کیا گیا جس کے ابتدائی اشارے یہ مل رہے ہیں کہ ہم نے ہدف کو ہلاک کردیا، تاہم ہمیں عام شہریوں کی ہلاکت سے متعلق کوئی معلومات نہیں ملی ہیں'۔

اس اعلان میں ہدف کی نشاندہی نہیں کی گئی لیکن اس جانب اشارہ دیا گیا کہ یہ داعش خراسان گروپ کے خلاف کئی انتقامی کارروائیوں میں سے پہلی ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ جمعرات کو کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں میں امریکی فوج کے 13 اہلکاروں اور 22 طالبان جنگجوؤں سمیت 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: کابل ایئرپورٹ کے باہر دو دھماکوں میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 85 افراد ہلاک

داعش خراسان گروپ نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے فوری ردعمل سامنے آیا تھا، جنہوں نے جمعرات کی شام قوم سے خطاب میں قصورواروں سے بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم معاف نہیں کریں گے، ہم نہیں بھولیں گے، ہم ان کا شکار کریں گے اور ان سے بدلہ لیں گے'۔

جو بائیڈن نے امریکی فوجی کمانڈرز کو داعش خراسان کے اثاثوں، قیادت اور ٹھکانوں پر حملوں کے لیے آپریشنل منصوبہ بنانے کا بھی حکم دیا تھا۔

ایئرپورٹ پر ہونے والا یہ حملہ افغانستان میں امریکا کی زیر قیادت 20 سالہ جنگ میں سب سے جان لیوا حملوں میں سے ایک تھا۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے جمعہ کو نیوز بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ دہشت گرد، کابل میں ایک اور حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر کا داعش خراسان کے اثاثوں اور قیادت کو نشانہ بنانے کا حکم

ان کا کہنا تھا کہ 'خطرہ اب بھی موجود ہے اور ہمارے فوجی اب بھی خطرے میں ہیں'۔

کابل ایئرپورٹ پر حملے نے امریکیوں کو مشتعل کردیا ہے جو پہلے ہی گزشتہ ہفتے کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد بائیڈن انتظامیہ سے ناخوش ہیں۔

جمعہ کی رات کو کابل میں موجود امریکی سفارتخانے نے کابل ایئرپورٹ پر موجود امریکی شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ وہاں سے فوری چلے جائیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024