• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

روشن اپنا گھر اسکیم گیم چینجر منصوبہ ہے، وزیراعظم

شائع August 27, 2021
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں روشن اپنا گھر کی تقریب سے خطاب کیا—فوٹو:ڈٓن نیوز
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں روشن اپنا گھر کی تقریب سے خطاب کیا—فوٹو:ڈٓن نیوز

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک موجود پاکستانیوں کو روشن اپنا گھر جیسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے شامل کرکے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ختم کرسکتے ہیں اور یہ اسکیم گیم چینجر ہے۔

اسلام آباد میں روشن اپنا گھر پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں خاص طور پر اسٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:خود کو ڈیموکریٹس کہنے والے جمہوری حکومت گرانے کیلئے فوج کے پیچھے پڑے ہیں، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ ہم نے بدقسمتی سے پاکستان کے دیگر اثاثوں کی طرح سمندر پار پاکستانیوں کو اس طرح استعمال نہیں کیا جس طرح کرنا چاہیے تھا، سب سے کم ان سے فائدہ اٹھایا، صرف ترسیلات زر ہوتی ہیں، وہ انہیں ویسے بھی اپنے خاندانوں کے لیے کرنی ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ریکارڈ ترسیلات ہوئیں لیکن یہ صرف ایک قطرہ ہے، اصل میں ایک اندازے کے مطابق پاکستان کی جی ڈی پی کے برابر 90 لاکھ پاکستانیوں کے پاس باہر پیسہ ہے، ہماری پوری کوشش تھی کہ کیسے اس کو لاسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ سرمایہ کاری ہوگی، ٹیکنیکل اسکلز اور باصلاحیت پاکستانیوں کو ملک میں واپس لانا تھا لیکن بدقسمتی سے ہم وہ ماحول نہیں دے سکے کہ وہ واپس آکر یہاں کام کرسکتے لیکن ہم بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے اور جو لوگ باہر کرپشن فری ماحول میں کام کرنے کے عادی ہیں وہ کرپٹ ماحول میں کام نہیں کرسکتے، اس لیے ہم آسانی فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ کام کرنے کے لیے باہر جاتے ہیں، ان کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان میں گھر بنایا جائے، اس کے لیے ان کو بڑے مسائل ہیں اور سب سے بڑا مسئلہ یہاں قبضہ گروپ بیٹھے ہوئے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے بڑے لوگوں نے کہا، ہم نے محنت کرکے ایک پلاٹ حاصل کیا اور چند سال بعد پتہ چلا کہ قبضہ ہوگیا، پھر عدالتوں کے چکر لگاتے رہے اور آخر ان کے ساتھ کم داموں میں معاملہ ختم کردیتے ہیں اور کئی دفعہ انہی پر مقدمہ ہوجاتا ہے، یعنی ان کے پلاٹ پر بھی قبضہ ہوگیا اور مقدمہ بھی ان کے خلاف ہوگیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا بھارتی میڈیا کو منہ توڑ جواب

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قبضہ گروپ کا ریکٹ بنا ہوا ہے اور ان پر ہم اس وقت جہاد کر رہے ہیں، میری پوری حکومت صوبوں میں جہاں ہماری حکومت ہے وہاں قبضہ گروپ کے خلاف پورا زور لگا رہی ہے کیونکہ یہ صوبائی معاملہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روشن اپنا گھر وہ منصوبہ ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو پتہ چل جائے گا کہ اس کی ضمانت بینک دے رہے ہیں اور معلوم ہوگا یہ جو پلاٹ لے رہا ہوں، اس کے پیچھے ضمانت ہے اور میرے لیے کوئی خدشہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ میرے خیال میں ایک گیم چینجر ہے، جس سے ہم پاکستان کے لیے بہت زیادہ پیسہ لا سکتے ہیں کیونکہ پاکستان کو ڈالرز کی شدید ضرورت ہے۔

وزیراعطم کا کہنا تھا کہ جب تک ہماری برآمدات اور درآمدات کے خلا کو پر کرنے کے لیے ایک ہی راستہ ہے کہ سمندر پار پاکستانی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اور روشن اپنا گھر جیسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری یہ اسکیم چل گئی تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو جلد ختم کرسکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم اب اس راستے پر نکل گئے ہیں کہ پاکستان کا جو بڑا اثاثہ باہر ہے، ان کو سرمایہ کاری کے لیے شامل کرسکتےہیں، گھروں سے شروع ہوگا اور جیسے جیسے ہمارا نظام ٹھیک ہوتا جائے گا تو یہ اور شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد جو ہم دیکھ رہے ہیں پاکستان اٹھ رہا ہے اور پھر جو بہتری ہوگی وہ پائیدار ہوگی، ورنہ ہمیں ہر وقت جب درآمدات بڑھتی ہیں تو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے اور ہم واپس نیچے چلے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارا یہ منصوبہ کامیاب ہوا تو پاکستان پائیدار گروتھ کی طرف نکل جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ ہم اپنے بیرون ملک پاکستانیوں کو سہولت دیں گے اور انہیں خوف نہ ہو کہ ان کی جائیداد پر قبضہ ہوگا۔

تبصرے (1) بند ہیں

nk Aug 27, 2021 06:35pm
Mr. PM properties in Pakistan is not safe for locals even.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024