• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

لیڈی ڈیانا کی زندگی پر بنی فلم ’اسپینسر‘

شائع August 27, 2021
فلم کو رواں برس نومبر میں ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
فلم کو رواں برس نومبر میں ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

برطانوی شہزادہ ولیم اور ہیری کی والدہ لیڈی ڈیانا کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’اسپینسر‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں ان کی ازدواجی زندگی کے آخری ایام کو دکھایا گیا ہے۔

’اسپینسر‘ کے ٹریلر کو فرانس میں آئندہ ماہ ستمبر کے آغاز میں ہی شروع ہونے والے وینس فلم فیسٹیول سے چند دن قبل ہی جاری کیا گیا ہے۔

وینس فلم فیسٹیول میں مذکورہ فلم کا ورلڈ پریمیئر منعقد کیا جائے گا جب کہ اسے رواں برس نومبر میں سینما گھروں میں ریلیز کردیا جائے گا۔

جاری کیے گئے ٹریلر سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ اس میں صرف لیڈی ڈیانا کی ازدواجی زندگی کو ختم کرنے کے مسئلے کو دکھایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کرسٹین اسٹیورٹ شہزادی ڈیانا بننے کو تیار

فلم کی ٹیم نے پہلے ہی واضح کیا تھا کہ ’اسپینسر‘ کی کہانی لیڈی ڈیانا کی شادی اور طلاق کے معاملے کے گرد گھومتی ہے، تاہم فلم میں انہیں والدہ کے روپ میں دکھائے جانے سمیت ان کی زندگی کے ابتدائی چند سال بھی دکھائے جائیں گے۔

کرسٹین اسٹیورٹ لیڈی ڈیانا کے روپ میں نظر آئیں گی—فوٹو: ای آن لائن
کرسٹین اسٹیورٹ لیڈی ڈیانا کے روپ میں نظر آئیں گی—فوٹو: ای آن لائن

فلم میں کرسٹین اسٹیورٹ نے لیڈی ڈیانا کا روپ دھارا ہے جب کہ جیک فاردنگ (Jack Farthing) ان کے شوہر شہزادہ چارلس کے روپ میں دکھائی دیں گے۔

فلم میں لیٰڈی ڈیانا کے والد جان اسپینسر کے کردار سمیت شہزادہ چارلس کے بھائی شہزادہ اینڈریو کا کردار بھی شامل ہوگا۔

مزید پڑھیں: شہزادی ڈیانا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم، وینس فلم فیسٹیول میں نمائش کیلئے تیار

علاوہ ازیں فلم میں برطانوی شاہی خاندان کے دیگر چند کردار بھی شامل ہیں، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ملکہ برطانیہ کا کردار بھی اس میں دکھایا جائے گا یا نہیں؟

ٹریلر جاری ہوتے ہی کرسٹین اسٹیورٹ کی تعریفیں کی جا رہی ہیں—اسکرین شاٹ
ٹریلر جاری ہوتے ہی کرسٹین اسٹیورٹ کی تعریفیں کی جا رہی ہیں—اسکرین شاٹ

فلم کی کہانی اسٹیون نائٹ نے لکھی ہے۔ جب کہ اس کی ہدایات پابلو لارین نے دی ہیں اور وہی اس کے پروڈیوسر بھی ہیں۔

فلم کو یکم ستمبر سے فرانس میں شروع ہونے والے وینس فلم فیسٹیول میں پیش کیےجانے کے بعد رواں برس نومبر میں ریلیز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ لیڈی ڈیانا کی شہزادہ چارلس سے 1996 میں طلاق ہوگئی تھی، جس کے ایک سال بعد 1997 میں وہ فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024