• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

خرابی کا خدشہ: جاپان نے موڈرنا ویکسین کی16 لاکھ خوراکوں کا استعمال روک دیا

شائع August 27, 2021
ٹکیڈا کا کہنا ہے کہ وہ موڈرنا کو معاملے سے آگاہ کر چکی ہے اور 'ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کرنے کی درخواست کی ہے' —فائل فوٹو: رائٹرز
ٹکیڈا کا کہنا ہے کہ وہ موڈرنا کو معاملے سے آگاہ کر چکی ہے اور 'ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کرنے کی درخواست کی ہے' —فائل فوٹو: رائٹرز

دوا ساز کمپنی ٹکیڈا اور وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جاپان نے متعدد خوراکیں خراب ہونے کی رپورٹس کے بعد کورونا کی موڈرنا ویکسین کی 16 لاکھ 30 ہزار خوراکوں کا استعمال روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں موڈنا کی فروخت اور تقسیم کی انچارج ٹکیڈا کا کہنا ہے کہ اسے متعدد ویکسی نیشن سینٹرز سے یہ رپورٹس ملیں کہ ویکسین کی بند بوتلوں کے اندر بیرونی اجزا پائے گئے ہیں۔

کمپنی نے کہا کہ 'وزارت صحت سے مشاورت کے بعد ہم نے تین کھیپوں سے ویکسین کا استعمال معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے'۔

ٹکیڈا کا کہنا ہے کہ وہ موڈرنا کو معاملے سے آگاہ کر چکی ہے اور 'ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کرنے کی درخواست کی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: موڈرنا کورونا ویکسین 3 ماہ تک بیماری سے تحفظ فراہم کرے گی، تحقیق

موڈرنا نے اپنے بیان میں کہا کہ 'جاپان میں تقسیم ہونے والی ایک لاٹ میں خرابی رپورٹ ہوئی ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'موڈرنا یقین رکھتی ہے کہ مینوفیکچرنگ کا مسئلہ اسپین میں اس کی مینوفیکچرنگ سائٹ میں موجود کئی لائنوں میں سے ایک میں پیدا ہوا ہے، تاہم اب تک حفاظت یا افادیت کے مسائل کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے'۔

انہوں نے کی نوعیت بتائے بغیر کہا کہ 'موڈرنا نے احتیاطی طور پر ویکسین کی یہ لاٹ اور ملحقہ دو لاٹس کو روک دیا ہے'۔

جاپانی حکومت کے سرفہرست ترجمان کاٹسونوبو کاٹو نے صحافیوں کو بتایا کہ 'ہمیں بیرونی اجزا کی وجہ سے صحت سے متعلق مسئلے کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے'۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں منظوری حاصل کرنیوالی پہلی ویکسین کووڈ سے کیسے بچاتی ہے؟

تاہم انہوں نے کہا کہ'ہم نے لوگوں سے کہا ہے کہ اگر انہیں غیر معمولی کیفیت کا تجربہ ہو تو وہ اپنے معالج سے رجوع کریں'۔

سرکاری نشریاتی ادارے ' این ایچ کے' کے مطابق ٹوکیو سمیت وسطی جاپان کے آٹھ ویکسی نیشن سینٹرز میں 39 بند بوتلوں میں خرابی دیکھی گئی۔

وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ مغربی شہر اوساکا میں اس کے ماس ویکسی نیشن سینٹر میں معطل شدہ بیچ سے 6 سے 20 اگست کے درمیان خوراکیں لگائی گئیں۔

تاہم وزارت کا کہنا تھا کہ عملہ خوراک لگانے سے قبل خرابی جانچنے کے لیے بوتلیں چیک کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کووڈ سے بچانے والی اب تک کی سب سے موثر ویکسین کے نتائج جاری

انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ٹوکیو ویکسی نیشن سینٹر اس خرابی سے متاثر نہیں ہوا۔

ترجمان کاٹسونوبو کاٹو کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی 'ٹھوس رپورٹس' نہیں ہیں جن سے اس بات کی تصدیق ہو سکے کہ خرابی پر مشتمل خوراکیں دی گئی ہیں۔

موڈرنا خوراکوں میں خرابی ہسپانوی دوا ساز کمپنی رووی کی جانب سے تیار کردہ بیچز میں رپورٹ ہوئی، یہ کمپنی امریکا سے باہر موڈرنا ویکسین کی مینوفیکچرنگ پارٹنر ہے۔

ہسپانوی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ رووی، اسپین کی دوا ساز ایجنسی (اے ای ایم پی ایس ) کی نگرانی میں 'معیار کے ان مسائل کی وجوہات کی تحقیقات' کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: پہلی ایسی کورونا ویکسین جو 90 فیصد سے زیادہ تحفظ فراہم کرنے میں کامیاب

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ 'تمام تر دستیاب معلومات اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ مزید کوئی متاثرہ بیچ نہیں ہے'۔

جاپان کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ وہ ملک میں سست روی سے شروع ہو کر آہستہ آہستہ بڑھتے ہوئے ویکسی نیشن کے عمل میں خلل سے بچنے کے لیے ٹکیڈا کے ساتھ متبادل خوراکوں پر کام کرے گی۔

موڈرنا کی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے ٹکیڈا نے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کیا، لیکن کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی ویکسین لگوانے کے لیے عوام کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

واضح رہے کہ جاپان کی تقریباً 43 فیصد آبادی مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہے، جبکہ ملک میں ڈیلٹا ویرینٹ کے باعث کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024