• KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am

افغانستان سے انخلا کرنے والے غیر ملکیوں کے قیام کیلئے ہوٹلز تیار کرلیے گئے

شائع August 27, 2021
انتظامیہ کے سینیئر عہدیداران اور پولیس نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ہدایات کے بعد اس سلسلے میں اقدامات اٹھائے گئے ہیں — فائل فوٹو / رائٹرز
انتظامیہ کے سینیئر عہدیداران اور پولیس نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ہدایات کے بعد اس سلسلے میں اقدامات اٹھائے گئے ہیں — فائل فوٹو / رائٹرز

اسلام آباد کی انتظامیہ نے افغانستان سے انخلا کے بعد آنے والے غیر ملکیوں کے قیام کے لیے دارالحکومت اسلام آباد کے تمام ہوٹلوں کا انتظام اگلے کئی ہفتوں کے لیے سنبھال لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ ہوٹلوں کے اندر اور اطراف میں سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور پولیس اور پیراملٹری اہلکاروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

انتظامیہ کے سینیئر عہدیداران اور پولیس نے ڈان کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے ہدایات کے بعد اس سلسلے میں اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

ذرائع نے کہا کہ سفارت کاروں، غیر ملکی مشنز کے دیگر عملے اور صحافیوں سمیت ہزاروں غیر ملکیوں کے آئندہ چند ہفتوں میں اسلام آباد آنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان سے لوگوں کے انخلا میں مدد کررہے ہیں، وزیر خارجہ

ان کا کہنا تھا کہ جمعہ کو پڑوسی ملک سے تقریباً ڈیڑھ ہزار غیر ملکی مختلف پروازوں سے دارالحکومت پہنچیں گے، جبکہ آئندہ چند ہفتوں میں روز ایک ہزار سے زائد غیر ملکیوں کے اسلام آباد پہنچنے کا امکان ہے۔

عہدیداران نے کہا کہ جمعرات کو کابل ایئرپورٹ پر متعدد دھماکوں کے باعث افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلا کے عمل میں تیزی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹرانزٹ مسافر وفاقی دارالحکومت میں مختصر قیام کے بعد اپنے اپنے ممالک چلے جائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے تمام ہوٹلوں کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ جمعہ سے اگلے 21 روز کے لیے ریزرویشنز بند کردیں اور ہوٹلوں کے تمام خالی کمروں کے معاملات انتظامیہ کے سپرد کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک ہوٹلز میں قیام پذیر لوگوں سے جانے کا نہیں کہا گیا ہے اور ان سے یہ درخواست ضرورت پڑنے پر کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: اے ڈی بی اور یورپی یونین کی افغانستان سے شہریوں کے انخلا کیلئے پاکستان سے درخواست

ضلعی مجسٹریٹ کے دفتر سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرحد کے اُس پار صورتحال کے پیش نظر ہزاروں افراد کا افغانستان سے انخلا کرایا گیا ہے اور کسی مقصد کے تحت ٹرانزٹ فلائٹ استعمال کرنے والے مسافر اسلام آباد میں قیام کر رہے ہیں۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے درخواست کی جاتی ہے کہ کم از کم اگلے 21 روز کے لیے اسلام آباد کے تمام ہوٹلوں میں ریزرویشنز بند کردی جائیں۔

مزید کہا گیا کہ 'ہوٹلوں میں تمام خالی کمروں کے معاملات اگلے احکامات تک مسافروں کے قیام کے لیے انتظامیہ کے سپرد کردیے جائیں'۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024