• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان، برطانوی سفری پابندی کی 'ریڈ لسٹ' میں برقرار

شائع August 27, 2021
برطانوی حکام کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ وائرس کی تشویشناک اقسام کے خطرے کو کم کرنے کے لیے کیا گیا — فائل فوٹو: رائٹرز
برطانوی حکام کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ وائرس کی تشویشناک اقسام کے خطرے کو کم کرنے کے لیے کیا گیا — فائل فوٹو: رائٹرز

لندن: پاکستانی ہائی کمیشن اور پاکستانی نژاد اراکین پارلیمان کی کئی ہفتوں کی لابنگ کے باوجود برطانوی حکومت کے سفری جائزے میں پاکستان کے لیے کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہ ریڈ لسٹ میں برقرار ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت کا فیصلہ پاکستان سے آنے والے مسافروں کے لیے دھچکا ثابت ہوگا جنہیں برطانیہ آنے پر ہوٹل میں 10 روز لازمی قرنطینہ کرنا ہوگا جس کی لاگت 2 ہزار 250 پاؤنڈز ہے۔

مانچسٹر گورٹن شیڈو کے لیبر رکن پارلیمنٹ اور ہاؤس آف کامنز کے ڈپٹی لیڈر افضل خان نے ایک ٹوئٹ میں ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کو ریڈ لسٹ میں برقرار رکھنے کے حکومتی فیصلے سے سخت مایوسی ہوئی'۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کو پاکستان کے 'ریڈ لسٹ' سے اخراج کی اُمید

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسے میں کہ جب افغانستان میں بحران جاری ہے، پاکستان اہم انسانی امداد پہنچانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، اس فیصلے سے کئی لوگ پریشان ہوں گے اور انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا‘۔

ٹوئٹ میں افضل خان نے پارلیمانی سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے ٹرانسپورٹ، رکن پارلیمان رابرٹ کورٹس کی جانب سے انہیں بھیجا گیا خط بھی شیئر کیا جنہوں نے گزشتہ سفری جائزے کے دوران پاکستان کو ریڈ لسٹ میں رکھنے کے حکومتی فیصلے کے بارے میں افضل خان کو جوابی خط لکھا تھا۔

رابرٹ کورٹس نے کہا کہ میں اس بات کو تسلیم کرتا ہوں کہ پاکستان کے ریڈ لسٹ میں رہنے کے فیصلے کا لوگوں پر کیا اثر پڑے گا تاہم یہ درست ہے کہ حکومت، برطانیہ میں درآمد ہونے والے کووڈ 19 کے نئے سلسلے کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: شیریں مزاری کی پاکستان کو ریڈ لسٹ میں برقرار رکھنے کیلئے برطانیہ کے 'کمزور عذر' پر تنقید

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ برطانیہ میں ویکسین پروگرام کے لیے انتہائی اہم وقت میں کووڈ 19 کی نئی اقسام سے بچنے کے لیے کیا گیا۔

خط میں برطانوی رکن پارلیمان نے مزید کہا کہ تشویشناک اقسام وسیع پیمانے پر نگرانی کے طریقہ کار مثلاً جینومک نگرانی کے ذریعے شناخت کی جاتی ہیں، لیکن پاکستان میں اس کی صلاحیت اور گنجائش محدود ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ایک بڑی تعداد میں مسافر پاکستان سے ہر ہفتے برطانیہ آتے ہیں جس میں کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی شرح خاصی بلند ہے جبکہ ان میں تشویشناک اقسام سے متاثرہ افراد بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: برطانوی اراکین پارلیمنٹ کی پاکستان کو 'ریڈ لسٹ' میں رکھنے پر اپنی ہی حکومت پر تنقید

خط میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کے ریڈ لسٹ سے اخراج کے لیے وزرا کو مطمئن ہونا پڑے گا کہ برطانیہ میں وائرس کی آنے والی تشویشناک اقسام کا خطرہ کم ہوگیا ہے۔

دوسری جانب ایک ٹوئٹ میں پاکستانی ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ میں برقرار رکھنے کے فیصلےسے مایوسی ہوئی، جس کا مطلب ہزاروں پاکستانیوں اور برطانوی شہریوں کے لیے مسلسل مشکلات ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024