افغانستان سے انخلا میں سہولت کاری پر یورپی کونسل کے سربراہ پاکستان کے شکر گزار
یورپی یونین کی کونسل کے صدر چارلس میچل نے وزیر اعظم عمران خان کو فون کر کے افغانستان سے انخلا کے لیے راہداری اور سہولت کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔
دفترخارجہ کے مطابق یورپی کونسل کے صدر چارلس میچل نے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور ان سے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں: 1500 امریکی اب بھی فضائی سفر کے منتظر ہیں، امریکا
وزیر اعظم نے افغانستان سے سفارتی و بین الاقوامی اداروں کے عملے اور دیگر افراد کے انخلا میں سہولت فراہم کرنے میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔
یورپی کونسل کے صدر نے انخلا کے لیے راہداری کی فراہمی اور شہریوں کی میزبانی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کے نقطہ نظر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک مستحکم اور پرامن افغانستان، پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے اور اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کے تمام لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جامع سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ افغان رہنما اس مقصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کابل ہوائی اڈے پر دہشت گردی کا خطرہ، مغربی ممالک نے خبردار کردیا
عمران خان نے مسئلے کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں سلامتی کی صورتحال کو مستحکم کرنا، امن برقرار رکھنا، انسانی ہمدردی کے چیلنج سے نمٹنے اور افغانستان کے عوام کے معاشی بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو عالمی برادری کی مسلسل حمایت کی ضرورت ہے جبکہ افغانستان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انسانی ہمدردی کے چیلنجز سے بچنے اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ان کی مدد ناگزیر ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا تاکہ افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کو فروغ دیا جاسکے جس سے خطہ اور اس سے باہر کا علاقہ مستفید ہوگا۔
وزیراعظم اور یورپی کونسل کے صدر نے فریقین سے رابطے اور افغانستان کی صورتحال پر قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں: ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کی امید چھوڑ کر ترک فوج کا بھی کابل سے انخلا
وزیر اعظم عمران خان نے یورپی کونسل کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔