مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 5افراد جاں بحق، پاکستان کی جانب سے مذمت
پاکستان نے بھارت کی فوج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کارروائیوں کے دوران ماورائے قانون مزید 5 کشمیریوں کی ہلاکت کے واقعے کی مذمت کردی۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ‘پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے اضلاع بارہ مولا اور سری نگر میں گزشتہ تین روز میں 5 نوجوانوں کے ماورائے قانون قتل کی مذمت کی ہے’۔
مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 5 کشمیری جاں بحق
بیان میں کہا گیا کہ ‘بھارت کی قابض فوج نام نہاد گھیراؤ اور تلاشی کے بہانے کشمیریوں کے ماورائے قانون قتل کی مہم میں تیزی لائی ہے اور صرف رواں برس 100 سے زائد کشمیری جاں بحق ہوچکے ہیں’۔
دفترخارجہ نے کہا کہ ‘یہ انتہائی تشویش کا معاملہ ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بدترین فوجی محاصرہ، ماورائے قانون قتل، حراست کے دوران تشدد، جبری گم شدگیاں اور سینئر قیادت کی قید بدستور جاری ہے’۔
بیان میں کہا گیا کہ ‘معصوم کشمیریوں کے خلاف جرائم بھارت کی جانب سے صرف اپنی خفت مٹانے کی کوشش ظاہر کرتے ہیں، جو وہ کشمیریوں کو جبر کے ذریعے آزادی کے مطالبے سے دستبردار کروانے میں ناکام رہا ہے’۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی نشان دہی کرتے ہوئے کہا گیا کہ ‘بھارت کی قابض فورسز کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزی اقوام متحدہ کے کمیشن آف انکوائری کے ذریعے تفتیش کا متقاضی ہے اور اس کی تجویز او ایچ سی ایچ آر کی 2018 اور 2019 کی کشمیررپورٹس میں دی گئی تھی’۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 5 کشمیری جاں بحق
دفترخارجہ نے کہا کہ ‘ہم ایک مرتبہ پھر عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرائے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہش کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کردار ادا کرے’۔
خیال رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ روز بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے کی جانے والی دو علیحدہ کارروائیوں میں 2 سینئر کمانڈر اور 3 دیگر حریت پسند جاں بحق ہوگئے ہیں۔
بھارتی پولیس کا کہنا تھا کہ پیر کو رات گئے بھارتی پولیس اور فوج نے سوپورا کے علاقے میں ایک گاؤں میں چھاپہ مارا اور گھر میں موجود 3 حریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔
مقبوضہ کشمیر میں حریت پسند 1989 سے بھارتی حکومت کے خلاف لڑ رہے ہیں، متعدد کشمیری خطے کے یا تو پاکستان کے ساتھ الحاق یا آزاد ملک بنانے کے ان کے مقصد کی حمایت کرتے ہیں۔












لائیو ٹی وی