• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

تیل، گھی بنانے والی کمپنیاں قیمتوں میں کمی پر رضامند

شائع August 24, 2021
پی وی ایم اے کے چیئرمین عبدالوحید نے وزیر خزانہ کو یقین دہانی کرائی کہ ایسوسی ایشن کے اجلاس میں خوردنی تیل کی فی لیٹر قیمت میں ممکنہ کمی پر غور کیا جائے گا — فوٹو: پی آئی ڈی
پی وی ایم اے کے چیئرمین عبدالوحید نے وزیر خزانہ کو یقین دہانی کرائی کہ ایسوسی ایشن کے اجلاس میں خوردنی تیل کی فی لیٹر قیمت میں ممکنہ کمی پر غور کیا جائے گا — فوٹو: پی آئی ڈی

پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) نے خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے آئندہ چند روز میں اقدامات اٹھانے پر اصولی طور پر اتفاق کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ اتفاق وزیر خزانہ شوکت ترین اور پی وی ایم اے کے وفد کے درمیان ملاقات میں ہوا۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ملاقات کے دوران شوکت ترین نے مقامی مارکیٹ میں خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں بار بار اضافے پر ناراضی کا اظہار کیا اور سخت کارروائی کی دھمکی دی۔

دونوں جانب سے معلومات کے تبادلے کے بعد پی وی ایم اے کے چیئرمین عبدالوحید نے وزیر خزانہ کو یقین دہانی کرائی کہ ایسوسی ایشن کا اجلاس بلایا جائے گا اور خوردنی تیل کی فی لیٹر قیمت میں ممکنہ کمی پر غور کیا جائے گا۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے عبدالوحید نے کہا کہ خوردنی تیل کی قیمت میں کتنی کمی کی جائے گی اس کا فیصلہ اجلاس میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: گھی کی قیمت میں 30 روپے فی کلو اضافہ، بجلی کا سرچارج ختم

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کی ایسوسی ایشن نے وزیر خزانہ سے خوردنی تیل پر ٹیکسز میں کمی کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پام اور سویابین تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث خوردنی تیل پر ٹیکسز میں 140 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔

عبدالوحید نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 152 روپے سے 164 روپے ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو بھی پام اور سویابین تیل کی درآمد پر ٹیکس میں کمی پر غور کرنا چاہیے، جبکہ ان کی ایسوسی ایشن عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنے منافع میں کمی لائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024