• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے دن کا کھیل بارش کی نذر

شائع August 22, 2021
بارش کے سبب سبینا پارک کی وکٹ کو کور سے ڈھانپ دیا گیا تھا— فوٹو بشکریہ آئی  سی سی
بارش کے سبب سبینا پارک کی وکٹ کو کور سے ڈھانپ دیا گیا تھا— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل بارش کی نذر ہو گیا اور ایک بھی گیند کا کھیل ممکن نہ ہو سکا۔

کنگسٹن میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ابتدا سے ہی بارش کا راج رہا اور دن بھر وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث انتہائی کوشش کے باوجود کھیل ممکن نہ ہو سکا۔

اس سے قبل پاکستان نے میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے تھے۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور میزبان ٹیم کا یہ فیصلہ ابتدا میں بالکل درست ثابت ہوا۔

میچ کے پہلے ہی اوور میں عابد علی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ اگلے اوور میں کیماروچ نے دوسرے اوپننگ بلے باز عمران بٹ کا کام بھی تمام کردیا۔

ابھی قومی ٹیم ان دو نقصانات سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ٹیم کے سب سے تجربہ کار بلے باز اظہر علی کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

2 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم کا ساتھ دینے فواد عالم آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

دونوں کھلاڑیوں نے کھیل کے دوسرے سیشن میں بھی بہترین کھیل پیش کیا اور ویسٹ انڈیز باؤلرز کو وکٹ لینے سے باز رکھا اور ساتھ ساتھ اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کر لیں۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب فواد عالم پٹھوں میں کھنچاؤ کے سبب ریٹائرڈ ہرٹ ہونے پر مجبور ہوئے لیکن اس سے قبل وہ ٹیم کو مشکلات سے نکال چکے تھے۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 11 چوکوں کی مدد سے 76رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ بابر کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 158 رنز کی شراکت بھی قائم کی۔

بابر اعظم اپنے ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ کر سکے اور مجموعی اسکور میں 8 رنز کے اضافے سے پویلین لوٹ گئے، ان کی 75 رنز کی شاندار اننگز 13 خوبصورت چوکوں سے مزین تھی۔

اس کے بعد محمد رضوان اور فہیم اشرف کی جوڑی وکٹ پر یکجا ہوئی اور دونوں کھلاڑیوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے تھے۔

یاد رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو 0-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024