• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

وزیراعظم کا ٹرین سے گرنے والے نوجوان کی جان بچانے پر کانسٹیبل کو اعزاز دینے کا اعلان

شائع August 20, 2021
ویڈیو میں ٹرین کی چھت پر سوار نوجوان کو ٹریک پر گرتے اور کانسٹیبل کو ان کی جان بچاتے دیکھا جاسکتا ہے—فوٹو: ڈان نیوز
ویڈیو میں ٹرین کی چھت پر سوار نوجوان کو ٹریک پر گرتے اور کانسٹیبل کو ان کی جان بچاتے دیکھا جاسکتا ہے—فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے چلتی ہوئی ٹرین سے گرنے والے نوجوان کی جان بچانے والے پولیس کانسٹیبل جمال کلہوڑو کی 'فرائض کی انجام دہی میں لگن' اور ان کی خدمت کے اعتراف میں یوم پاکستان (23 مارچ) کے موقع پر اعزاز دینے کا اعلان کردیا۔

مذکورہ اعلان وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ کے ذریعے کیا۔

ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 'ہم نے فرض شناسی کے کمال مظاہرے پر کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو یومِ پاکستان (23 مارچ) کے موقع پر اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے'۔

انہوں نے قرآن کریم کی سورۃ المائدہ کی آیت کا ترجمہ بھی لکھا کہ 'جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی'۔

گزشتہ روز وزیراعظم نے مذکورہ کانسٹیبل کی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ٹرین کی چھت پر سوار نوجوان کو ٹریک پر گرتے اور کانسٹیبل کو ان کی جان بچاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں پولیس کانسٹیبل کے اقدام کو سراہتے ہوئے لکھا تھا کہ 'یہ وہ مقام ہے جہاں فرض تقدیس سے ہمکنار ہوتا ہے، عوام الناس کی خدمت کے حوالے سے اس نوجوان سپاہی کا عزم قابلِ تحسین ہے'۔

مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں اسٹیشن سے گزرتی ٹرین کی چھت پر مسافروں کی ایک بڑی تعداد کو بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوجوان کا پاؤں پھسلا اور وہ ٹرین اور پٹریوں کے درمیان موجود خلا میں پھنس گیا تاہم اگلے ہی لمحے وہاں ڈیوٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل تیری سے نوجوان کی طرف بھاگا اور کھینچ کر اسے حادثے کا شکار ہونے سے بچالیتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر جہاں پولیس کانسٹیبل کی تعریف کی جارہی ہے وہیں ٹرین کی چھت پر اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے سوار ہونے پر تشویش کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے وابستہ اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

اس سے قبل جون میں وزیراعظم نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل قیصر شکیل سے ملاقات کی اور زخمی ہونے کے باوجود ان کے فرائض کی انجام دہی کو سراہا تھا۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق قیصر شکیل 9 جون کو زخمی ہوئے تھے اور 11 جون کو دو دن کے آرام کے بعد ڈیوٹی پر واپس آگئے تھے۔

قیصر شکیل کی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھی جس میں وہ دارالحکومت کی ایک سڑک پر پلاسٹر سے بندھے بازو کے ساتھ ٹریفک کی ہدایات دیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

وزیراعظم نے ان کی حوصلہ افزائی کی تھی اور ان کے لیے انعام کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024