• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کبھی نہیں کہا کہ میں ’فیمنسٹ‘ نہیں ہوں، ثروت گیلانی

شائع August 20, 2021
فیمنزم کے بیان کو ایڈٹ کرکے چلایا گیا، اداکارہ—اسکرین شاٹ
فیمنزم کے بیان کو ایڈٹ کرکے چلایا گیا، اداکارہ—اسکرین شاٹ

خواتین کے حقوق، انہیں ہراساں کیے جانے، بچوں کے استحصال اور گھریلو تشدد پر کھل کر بات کرنے والی اداکارہ ثروت گیلانی نے کہا ہے کہ انہوں نے ایسا کبھی نہیں کہا کہ وہ ’فیمنسٹ‘ نہیں ہیں۔

ثروت گیلانی نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں واضح کیا کہ ماضی میں ’فیمنزم اور فیمنسٹ‘ سے متعلق ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

ثروت گیلانی نے جنوری 2021 میں میرا سیٹھی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ’فیمنزم‘ پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خواتین کے حقوق کی علمبردار ضرور ہیں مگر خود کو ’فیمنسٹ‘ نہیں سمجھتیں۔

تاہم اب انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور انہوں نے ایسا نہیں کہا کہ وہ ’فیمنسٹ‘ نہیں ہیں۔

ثروت گیلانی نے ’ٹو بی آنیسٹ‘ میں بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے بیان کو ایڈٹ کرکے چلایا گیا۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے یہ کہا تھا کہ اگر ’فیمنزم‘ کا مطلب مرد حضرات سے نفرت یا پھر انہیں ختم یا پیچھے کرنا ہے تو وہ ’فیمنسٹ‘ نہیں ہیں۔

ثروت گیلانی نے شکوہ کیا اب اگر اسی بیان کو ٹو بی آنیسٹ شو والے بھی ایڈٹ کرکے چلائیں تو میں کیا کر سکتی ہوں۔

اداکارہ نے مزید وضاحت کی کہ جب وہ خواتین کے قتل، انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے، انہیں کام کی جگہ پر نشانہ بنائے جانے، بچوں کے استحصال اور گھریلو تشدد جیسے معاملات پر کھل کر بات کر سکتی ہیں تو وہ برابری یعنی ’فیمنزم‘ پر کیسے بات نہیں کر سکتیں؟

یہ بھی پڑھیں: خود کو فیمنسٹ نہیں سمجھتی، ثروت گیلانی

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں ’فیمنزم‘ کی تحریک سے تھوڑا سا اختلاف ضرور رکھتی ہیں، کیوں کہ ایسی تحریک میں بعض اوقات انتہائی سخت نعرے، ہیش ٹیگز اور پلے کارڈز استعمال کیے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے اصل مسائل سے توجہ ہٹ جاتی ہے۔

اداکارہ نے دلیل دی کہ ڈیفینس اور کلفٹن جیسے علاقوں میں تو پھر بھی خواتین کچھ نہ کچھ اپنے حق میں بول لیتی ہیں مگر دیہی علاقوں میں خواتین کو ایسے حقوق حاصل نہیں، اس لیے ریلیاں اور پروگرامات وہاں کرنے کی ضرورت ہے۔

ثروت گیلانی نے مزید کہا کہ جب بھی قوانین پر عمل درآمد یا بچوں کے استحصال سمیت دیگر مسائل پر کوئی پروگرام کیا جاتا ہے تو وہ برے ہوٹلوں میں کیا جاتا ہے، جس میں گورنر سمیت تمام پڑھے لکھے افراد شرکت کرتے ہیں اور مذکورہ سب لوگوں کو پہلے سے ہی ان باتوں کا علم ہوتا ہے۔

میں نے کہا تھا کہ اگر فیمنزم مردوں سے نفرت کرنے کا نام ہے تو میں فیمنسٹ نہیں، اداکارہ—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
میں نے کہا تھا کہ اگر فیمنزم مردوں سے نفرت کرنے کا نام ہے تو میں فیمنسٹ نہیں، اداکارہ—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

اداکارہ کے مطابق یہی پروگرام دیہات اور چھوٹے علاقوں میں کرکے وہاں کے لوگوں کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔

انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری پر مرد حضرات کا راج ہے اور پدرشاہانہ سوچ سے جکڑی ہوئی ہے۔

ان کے مطابق پاکستانی ڈراموں میں اگرچہ اب خواتین کو ہیرو کے طور پر دکھایا جاتا ہے مگر حیرانی اس بات کی ہے، انہیں ہی ہیرو ہونے کے باوجود ذلیل کیا جاتا ہے، انہیں ہی مار کھاتے ہوئے دکھایا جاتا ہے اور پھر تالیاں بجائی جاتی ہیں کہ ہم نے خواتین کے لیے ڈرامے بنائے۔

مزید پڑھیں: شوہر کو بوسہ دینے کی تصویر پر تنقید کرنے والوں کو ثروت گیلانی کا کرارا جواب

شوبز انڈسٹری میں خوبصورتی کے معیار کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ثروت گیلانی نے ماہرہ خان کا نام لیا اور بتایا کہ انڈسٹری میں ان جیسی رنگت، قد اور بالوں کو خوبصورتی سمجھا جاتا ہے۔

شوہر کے ساتھ ماضی میں رومانوی تصاویر شیئر کرنے کے معاملے پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب ان کے جیون ساتھی نے یورپی ملک اٹلی میں بوس و کنار کرنے کی تصویر شیئر کی تو انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

ثروت گیلانی نے کہا کہ انہوں نے شوہر کو مذکورہ تصویر شیئر نہ کرنے کہا تھا مگر بار بار پوچھے جانے پر انہوں نے تنگ آکر فہد مرزا کو تصویر شیئر کرنے کی اجازت دی، جس پر انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

اداکارہ نے فلموں میں آئٹم سانگس شامل کیے جانے پر بھی بات کی اور کہا کہ ایسے گانوں کو فلموں کا حصہ بنانے کی کوئی ضرورت نہیں۔

ثروت گیلانی نے یہ بھی کہا کہ وہ کبھی بھی آئٹم سانگ نہیں کر سکتیں اور نہ ہی وہ ٹی وی پر مارننگ شوز کر سکتی ہیں۔

مارننگ شوز کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ایک بار جب صنم جنگ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع تھی تو انہیں کچھ وقت کے لیے شو کرنے کی ذمہ داریاں دی گئیں مگر وہ ہر روز نئے ٹاپک پر بات کرنے کے معاملے سے تنگ آگئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ثروت گیلانی اور ان کے شوہر کے بولڈ فوٹو شوٹ پر مداح برہم

انہوں نے شوبز میں مرد و خواتین کی کمائی میں فرق کے معاملے پر کھل کر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی مرد اداکار کا چیک نہیں دیکھا۔

ثروت گیلانی نے بتایا کہ وہ حادثاتی طور پر شوبز میں آئیں اور شوہر فہد مرزا سے ان کی پہلی ملاقات زمانہ طالب علمی میں ہوئی تھی اور بعد ازاں انہوں نے شادی کرلی۔

اداکارہ کے مطابق ماں بننے کے بعد وہ کچھ سنجیدہ ہوگئی ہیں اور اب تمام فیصلے بچوں کی مصروفیت کو دیکھتے ہوئے کرتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024