• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

دردانہ بٹ، نیلو بیگم اور علی سدرپارہ کیلئے بعد از مرگ ایوارڈز کا اعلان

شائع August 18, 2021
دردانہ بٹ ایوارڈ کے اعلان سے 2 دن قبل انتقال کر گئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک
دردانہ بٹ ایوارڈ کے اعلان سے 2 دن قبل انتقال کر گئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک

ہر سال کی طرح اس سال بھی حکومت نے یوم آزادی کے موقع پر عالمی و مقامی اہم شخصیات کے لیے اعزازات کا اعلان کیا ہے، ان 126 شخصیات کو اعلیٰ سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

صدر مملکت عارف علوی نے 14 اگست کو 126 شخصیات کو ایوارڈز سے نوازنے کی منظوری دی، مذکورہ تمام شخصیات کو آئندہ برس 23 مارچ کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔

حکومت نے جن 126 شخصیات کو ایوارڈز سے نوازنے کی منظوری دی ہے، ان میں متعدد شخصیات اب اس دنیا میں نہیں رہیں اور بعد از مرگ اعزاز حاصل کرنے والی شخصیات میں حال ہی میں انتقال کرنے والی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ، کوہ پیما محمد علی سدپارہ، اداکارہ شان شاہد کی والدہ اداکار نیلو بیگم بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کورونا وائرس سے انتقال کرگئیں

علاوہ ازیں اعزازات کے لیے منتخب کی گئی دیگر شخصیات بھی اب اس دنیا میں نہیں رہیں اور ان کے اہل خانہ کو 23 مارچ 2020 کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

ڈان اخبار کے مطابق بعد از مرگ ایوارڈ حاصل کرنے والی شوبز شخصیات میں اداکارہ دردانہ بٹ بھی شامل ہیں، جنہیں پرائڈ آف پرفارمنس کے اعزاز سے نوازا جائے گا جب کہ کے ٹو کو سر کرنے کی کوشش کے دوران لاپتا ہوکر جان کی بازی ہارجانے والے محمد علی سدپارہ کو بھی پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا جائے گا۔

دردانہ بٹ 12 اگست کو انتقال کر گئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک
دردانہ بٹ 12 اگست کو انتقال کر گئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک

اعلیٰ سول ایوارڈ جیتنے والی مرحوم شخصیات میں اداکار شان شاہد کی والدہ اداکارہ نیلو بیگم بھی شامل ہیں، جنہیں ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

اس سال مجموعی طور پر 126 شخصیات میں 45 کے قریب شخصیات کا تعلق فنون لطیفہ کی مختلف کیٹیگریز سے ہے، جن میں ادب، آرٹ، تھیٹر، موسیقی، ٹی وی، فلم، کھیل اور سماجی خدمات کی شخصیات شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ماضی کی معروف اداکارہ اور شان شاہد کی والدہ نیلو بیگم انتقال کرگئیں

اس مرتبہ حکومتِ پاکستان نے معروف موسیقار و پروڈیوسر روحیل حیات اور ڈراما و فلم ساز مومنہ درید کو بھی ایوارڈز دینے کا اعلان کیا۔

روحیل حیات کو ہلال امتیاز جب کہ مومنہ درید کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا، معروف ادیب و شاعرہ کشور ناہید کو بھی ہلال امتیاز کا ایوارڈ دیا جائے گا۔

اداکارہ نیلو بیگم جنوری 2021 میں انتقال کر گئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ نیلو بیگم جنوری 2021 میں انتقال کر گئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک

سندھ کے ضلع کشمور ایٹ کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں کا مقابلہ کرکے خاتون اور بچی کو بازیاب کرانے والے پولیس اہلکار محمد بخش برڑو کے لیے بھی حکومت نے ستارہ شجاعت کا اعلان کیا ہے جب کہ دوسرا ستارہ شجاعت کا اعزاز کرنل شفیع اللہ خان اور مس ریشما کو مشترکہ طور پر دیا جائے گا۔

حکومت پاکستان نے عالمی شخصیات کے لیے بھی ایوارڈز اور اعزازات کا اعلان کیا ہے اور ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی کو ہلال پاکستان دیا جائے گا، اسی طرح چینی اداکارہ لو شان کو بھی ہلال پاکستان سے نوازا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کے-2 مہم جوئی کے دوران لاپتا کوہ پیما علی سدپارہ کی موت کی تصدیق

حکومت پاکستان نے سندھی ادیب مدد علی سندھی، شاعر ایاز گل، اداکار شاہد، اسمٰعیل تارا، ساجد حسین، کراٹے میں نرگس حمید اللہ ہزارہ، پولو میں شہزادہ سکندر الملک اور گلوکار شوکت محمود کو بھی پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔

اس مرتبہ حکومت نے مصنوعی ذہانت سمیت مختلف ٹیکنالوجی شعبوں اور سائنس میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو بھی ایوارڈز اور اعزاز دینے کا اعلان کیا ہے۔

تمام شخصیات کو یوم پاکستان کے موقع پر 23 مارچ 2022 کو ایوان صدر اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے گورنر ہاؤسز میں اعزازات سے نوازا جائے گا۔

علی سد پارہ کے-2 کی سر کرنے کے دوران 4 اور 5 فروری 2021 کی درمیانی شب لاپتا ہوگئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک
علی سد پارہ کے-2 کی سر کرنے کے دوران 4 اور 5 فروری 2021 کی درمیانی شب لاپتا ہوگئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024