• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

حمزہ علی عباسی شوبز میں واپسی کے معاملے پر تذبذب کا شکار

شائع August 18, 2021
ایک ہی شادی میں خوش ہوں، حمزہ علی عباسی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ایک ہی شادی میں خوش ہوں، حمزہ علی عباسی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

طویل عرصے سے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے حمزہ علی عباسی نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنی ممکنہ واپسی پر تذبذب کا شکار ہیں اور حال ہی میں انہوں نے اس معاملے پر مبہم انداز میں گفتگو کی۔

حمزہ علی عباسی نے حال ہی میں (دی ایپک شو) نامی یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں نہ صرف فنون لطیفہ اور ازدواجی زندگی سے متعلق مذہبی تناظر میں گفتگو کی بلکہ انہوں نے سماجی مسائل اور بے راہ روی جیسے موضوعات پر بھی کھل کر بات کی۔

حمزہ علی عباسی نے مذکورہ شو میں شوبز میں اپنی ممکنہ واپسی پر بھی بات کی اور مبہم انداز میں بتایا کہ انہیں نہیں لگتا کہ وہ اب دوبارہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا حصہ بن سکیں گے۔

اس سے قبل ستمبر 2020 میں حمزہ علی عباسی نے شوبز میں واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دو مختلف منصوبوں کی تیاری میں مصروف ہیں، تاہم انہوں نے مذکورہ منصوبوں سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

حمزہ علی عباسی نے نومبر 2019 میں شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا، چہ مگوئیاں تھیں کہ انہوں نے مذہب کی خاطر انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو خیرباد کہا۔

تب سے اب تک حمزہ علی عباسی کو کسی بھی ڈرامے، گانے، فلم یا شو میں اداکاری یا میزبانی کرتے ہوئے نہیں دیکھا گیا، البتہ وہ ٹی وی پر انٹرویو دیتے دکھائی دیتے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے شوبز میں دوبارہ واپسی اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو خیرباد کہنے کے معاملے پر کھل کر بات کی اور کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ اب وہ دوبارہ ڈراموں یا فلموں کی طرف واپس آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور شادی کے بندھن میں بندھ گئے

انہوں نے غیر واضح انداز میں کہا کہ انہیں مستقبل کے منصوبوں سے متعلق کوئی علم نہیں، تاہم وہ ذاتی طور پر سمجھتے ہیں کہ وہ شوبز میں مشکل سے واپسی کریں۔

حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور نے اگست 2019 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور نے اگست 2019 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

حمزہ علی عباسی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر مرد فحاشی اور بدکاری میں ملوث ہیں اور وہ اس کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور خان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد

حمزہ علی عباسی نے بتایا کہ وہ حادثاتی طور پر مذہب اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنے نہیں لگے بلکہ شروع سے ہی ان میں یہی سوچ موجود تھی اور ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر شکر ادا کیا کہ ان کی بہن ، والدہ اور اہلیہ بھی انہیں دین اسلام پر چلنے کی ہدایات کرنے سمیت ان کا ساتھ دیتی رہتی ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے پروگرام میں بتایا کہ انہوں نے اپنی کتاب کا پہلا مسودہ لکھ لیا ہے اور دوسرے پر کام جاری ہے اور جلد ہی شائقین ان کی کتاب کو پڑھ سکیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے عمران خان کی تعریف کی اور کہا کہ اگرچہ وہ وزیر اعظم سے زیادہ متاثر نہیں ہیں، تاہم وہ انہیں اچھے اور مذہبی سیاستدان لگتے ہیں، کیوں کہ وہ اعلیٰ عہدے پر رہتے ہوئے مذہب اسلام کی بات کرتے ہیں، تاہم وہ ان کی کچھ باتوں سے اختلاف بھی کرتے ہیں۔

شادی کے بعد دونوں میاں بیوی شوبز سے دور ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شادی کے بعد دونوں میاں بیوی شوبز سے دور ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

شادی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر حمزہ علی عباسی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ہی شادی سے خوش ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے کہا کہ مذہب اسلام میں 4 شادیوں کی اجازت دی گئی ہے، تاہم ساتھ ہی سختی سے بیویوں میں عدل و انصاف کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شوبز میں واپسی کے عندیے کے بعد حمزہ علی عباسی کا کتاب لکھنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی فرمایا گیا ہے کہ اگر کوئی مرد بیویوں میں عدل و انصاف نہیں کر سکتا تو بہتر یہی ہے کہ وہ ایک ہی شادی کرے۔

حمزہ علی عباسی کی جانب سے کی جانے والی مذہبی گفتگو پر سوشل میڈیا پر بحث بھی جاری ہے۔

خیال رہے کہ حمزہ علی عباسی نے کیریئر کا آغاز 2006 میں تھیٹر سے کیا تھا، بعدازاں انہوں نے 'مڈ ہاؤس اینڈ دی گولڈن ڈول' نامی فیچر فلم کی ہدایات بھی دیں۔

وہ 'وار'، 'میں ہوں شاہد آفریدی'، 'جوانی پھر نہیں آنی' اور 'پرواز ہے جنون' جیسی فلموں میں بھی اداکاری کرچکے ہیں۔

اداکار کا پہلا ڈراما 'میرے درد کو جو زبان ملے' 2012 میں سامنے آیا، اس کے بعد انہوں نے 'پیارے افضل' اور 'من مائل' جیسے کامیاب ڈراموں میں کام کیا۔

انہوں نے اگست 2019 میں اداکارہ نیمل خاور سے شادی کی تھی، جنہوں نے بھی شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر رکھی ہے اور دونوں کے ہاں اگست 2020 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024