• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

سپریم کورٹ سے عمر نہ بڑھنے کا اسٹے آرڈر لے رکھا ہے، شہزاد رائے

شائع August 18, 2021
بچپن سے ہی گلوکاری کا آغاز کیا تھا، شہزاد رائے—اسکرین شاٹ
بچپن سے ہی گلوکاری کا آغاز کیا تھا، شہزاد رائے—اسکرین شاٹ

گلوکار و سماجی رہنما شہزاد رائے نے ہر وقت جوان نظر آنے سے متعلق مداحوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عمر نہ بڑھنے سے متعلق سپریم کورٹ سے اسٹے آرڈر لے رکھا ہے۔

شہزاد رائے حال ہی میں سابق کرکٹر شاہد آفریدی کے ہمراہ احسن خان کے پروگرام 'ٹائم آؤٹ ود احسن خان' میں شریک ہوئے، جہاں دونوں شخصیات نے کیریئر، سماجی مسائل اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق کھل کر بات کی۔

اہل خانہ، بیوی اور بچوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شہزاد رائے نے بتایا کہ ایسا نہیں ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تصاویر بلکل بھی شیئر نہیں کرتے، حال ہی میں انہوں نے اپنے گانے (جاننا سب لازمی ہے) میں بیٹے کو ڈرم بجاتے ہوئے دکھایا تھا۔

شہزاد رائے نے دلیل دی کہ انٹرنیٹ پر چیزیں سامنے آنے کے بعد بہت ساری غلط معلومات بھی پھیلتی ہے اور ان کے اہل خانہ بھی انہیں سوشل میڈیا سے دور رکھنے کی اپیل کرتے ہیں، اس لیے ان کے ساتھ خاندان کے افراد کم دکھائی دیتے ہیں۔

شہزاد رائے اب تک کی بڑی کامیابیوں یا خوشیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس وقت بہت زیادہ خوشی ہوئی تھی جب ان کی سماجی تنظیم کی جانب سے سفارش کردہ تعلیمی نصاب کو سندھ بھر میں یکساں طور پر رائج کیا گیا تھا، جس میں بچوں پر تشدد کی حوصلہ شکنی کی گئی تھی۔

گلوکار نے بتایا کہ دوسری بار انہیں اس وقت سب سے زیادہ خوشی ہوئی اور انہیں کامیابی محسوس ہوئی جب حکومت پاکستان نے 2012 میں بچوں پر تشدد سے متعلق قوانین کی منظوری دی۔

پروگرام کے دوران شاہد آفریدی کے تیز اور تیکھے جملوں کی وجہ سے شہزاد رائے خاموش دکھائی دیے اور انہوں نے سابق کرکٹر سے کسی بھی مسئلے پر بحث کرنے کے بجائے ان کی رائے سے اتفاق کرنے پر گزارا کیا۔

پروگرام میں بچوں پر تشدد پر گفتگو کے دوران جب شاہد آفریدی نے کہا کہ بعض بچے تھوڑے سے ٹیڑھے ہوتے ہیں اور انہیں تھوڑی سی سرزنش اور مار کی ضرورت پڑتی ہے تب شہزاد رائے نے ان سے اتفاق کیا۔

اسی طرح پروگرام میں جب شاہد آفریدی نے ٹک ٹاک پر پابندی کا مطالبہ کیا تب بھی انہوں نے سابق کرکٹر کی اس رائے سے اتفاق کیا کہ کم عمر افراد انٹرنیٹ اور ٹک ٹاک کا غلط اور حد سے زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔

پروگرام کے دوران شاہد آفریدی نے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹک ٹاک پر پابندی لگوانے میں کردار ادا کریں، جس پر شہزاد رائے نے کوئی واضح جواب نہیں دیا اور کہا کہ چوں کہ ابھی وہ مذکورہ ایپ استعمال نہیں کرتے، اس لیے انہیں اس سے متعلق کچھ معلومات نہیں۔

پروگرام کے دوران میزبان نے جب انہیں کہا کہ پاکستان میں جب بھی خواتین کی جوانی کی مثال دی جاتی ہے تو لوگ ماہ نور بلوچ کا نام لیتے ہیں جب کہ مرد حضرات کی جوانی کے وقت شہزاد رائے کا نام لیا جاتا ہے اور لوگ پوچھتے ہیں کہ آخر گلوکار عمر رسیدہ کیوں نہیں ہوتے؟

اس پر شہزاد رائے نے کہا کہ سب سے پہلے بات یہ کہ انہوں نے بھی بچپن سے ہی گلوکاری شروع کی تھی اور لوگ انہیں بچپن سے ہی دیکھ رہے ہیں۔

گلوکار نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ان سے بھی مداح اور دیگر لوگ پوچھتے ہیں کہ آخر ان کی عمر کیوں نہیں بڑھ رہی؟

شہزاد رائے کے مطابق لوگوں کے پوچھنے پر وہ انہیں بتاتے ہیں کہ انہوں نے عمر نہ بڑھنے سے متعلق سپریم کورٹ سے اسٹے آرڈر لے رکھا ہے۔

شہزاد رائے نے اسی موضوع پر بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ان کے ہمیشہ جوان اور پرکشش دکھائی دینے کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ وہ ایکسر سائز زیادہ کرتے ہیں جب کہ غذا کم استعمال کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024