• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد جموں و کشمیر کے صدر منتخب

شائع August 17, 2021
سلطان محمود چوہدری 24 اگست کو عہدہ سنبھالیں گے—فائل/فوٹو: اے پی پی
سلطان محمود چوہدری 24 اگست کو عہدہ سنبھالیں گے—فائل/فوٹو: اے پی پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد جموں و کشمیر کے صدر منتخب ہوگئے۔

آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ عام انتخابات میں میرپور سے رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہونے والے تجربہ کار پارلیمنٹیرین بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے 34 ووٹ حاصل کیے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میاں عبدالوحید نے 16 ووٹ حاصل کیے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: تحریک انصاف کیلئے ’حکومت تشکیل‘ دینے کی راہ ہموار

ریڈیو پاکستان کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے موجودہ صدر سردار مسعود خان 24 اگست کو اپنی آئینی مدت صدارت پوری ہونے پر سبکدوش ہوجائیں گے، جس کے بعد بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ان کی جگہ لیں گے۔

سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کامیابی کے اعلان ہوتے ہیں ٹوئٹر پر انہیں مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ ‘پی ٹی آئی کے بیرسٹر سلطان محمود کو آزاد کشمیر کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد اور ڈھیروں دعائیں، انشااللہ آپ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کشمیریوں کے حقوق کے لیے اعلیٰ کردار ادا کریں گے اور کشمیر میں حقیقی تبدیلی لے کر آہیں گے’۔

خیال رہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 25 جولائی کو منعقدہ آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں ایل اے-3 میرپور تھری سے عام انتخابات میں ساتویں اور مجموعی طور پر نویں مرتبہ منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا، جن میں دو ضمنی انتخاب بھی شامل ہیں۔

ڈان کی رپورٹ کے مطابق انتخابات میں کامیابی کے بعد سلطان محمود چوہدری کی نظریں وزیراعظم بننے پر تھیں کیونکہ پی ٹی آئی نے ان کی قیادت میں انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: تحریک انصاف کی کامیابی 2018 کا ’ری پلے‘ قرار

وزیراعظم عمران خان نے 5 اگست کو سردار عبدالقیوم نیازی کو آزاد جموں وکشمیر کا وزیراعظم نامزد کیا تھا۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے سلطان محمود چوہدری کو بتایا تھا کہ انہیں صدر بنایا جائے گا اور ان کے بیٹے کو میر پور تھری کے حلقے سے کامیاب کروا کر کابینہ میں شامل کرلیا جائے گا، یوں انہیں پارٹی کے صدارتی امیدوار کے لیے تیار کر لیا گیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اسمبلی کی نشست اور پارٹی کے علاقائی صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے سے شروع میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا تاہم وزیراعظم عمران خان نے ان کے ساتھ اس حوالے سے بات کی تو وہ مان گئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024