• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

اولمپیئنز ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو نقد انعامات سے نوازا دیا گیا

شائع August 17, 2021
انعامات کے سلسلے میں سادہ سے تقریب واپڈا ہاؤس میں منعقد کی گئی — فوٹو: واپڈا
انعامات کے سلسلے میں سادہ سے تقریب واپڈا ہاؤس میں منعقد کی گئی — فوٹو: واپڈا

ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر جیولن تھروور ارشد ندیم اور ویٹ لفٹر طلحہ طالب کو ان کے محکمے واپڈا نے 25، 25 لاکھ روپے کے بھاری نقد انعامات سے نوازا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ارشد ندیم کے کوچ فیاض الحسن بخاری نے بھی 5 لاکھ روپے کا نقد انعام حاصل کیا۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دونوں ایتھلیٹس کو مدعو کیا اور چیک کی صورت میں 10، 10 لاکھ روپے بطور انعام دیے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتِ پنجاب کا طلحہ طالب، ارشد ندیم کیلئے 10، 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان

انعامات کے سلسلے میں سادہ سی تقریب واپڈا ہاؤس میں منعقد کی گئی جہاں چیئرمین ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین نے انہیں نقد انعامات سے نوازا۔

دونوں نوجوان کھلاڑیوں نے ٹوکیو اولمپکس میں اپنے متعلقہ کھیلوں کے فائنلز میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کوہ پیما شہروز کاشف اور ساجد سد پارہ کو بھی 10،10 لاکھ روپے کے چیک دیے گئے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ واپڈا نے انہیں اس مقام تک لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدا مرزا، قوم اور میڈیا کا بھی ٹوکیو اولمپکس سے قبل اور بعد میں بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور مستقبل کے مقابلوں میں بہتر کارکردگی کے مظاہرے کا وعدہ بھی کیا۔

مزید پڑھیں: ارشد ندیم کے اولمپک فائنل میں پہنچنے پر شوبز شخصیات کا اظہارِ مسرت

طلحہ طالب نے تقریب میں والد محمد اسلام ناطق کے ہمراہ شرکت کی اور ان کو اعزاز سے نوازنے اور ان کی کامیابی کو تسلیم کرنے پر واپڈا کا شکریہ ادا کیا۔

طلحہ طالب کے والد ان کے کوچ ہونے کے ساتھ سابق نیشنل جونیئر چیمپئن بھی ہیں، انہوں نے ایشیائی سطح پر پاور لفٹنگ میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

اس موقع پر ابھرتے ٹینس ستارے ابوبکر، جو واپڈا کے اسپورٹس انڈومنٹ فنڈز کے توسط سے کھیلتے ہیں، کی بھی 50 ہزار روپے کے نقد انعام سے حوصلہ افزائی کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024