• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

طالبان کے قبضے کے بعد پاک-افغان کرکٹ سیریز خطرات سے دوچار

شائع August 16, 2021 اپ ڈیٹ August 17, 2021
پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ستمبر میں شیڈول ہے—فائل/فوٹو: رائٹرز
پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ستمبر میں شیڈول ہے—فائل/فوٹو: رائٹرز

پاکستان اور افغان کرکٹ ٹیموں کے درمیان شیڈول کرکٹ سیریز کے بارے میں طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد خدشات پیدا ہوگئے ہیں لیکن سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ وہ دونوں کی ٹیموں کے درمیان سیریز کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق کوئی بھی عہدیدار سیریز کی ضمانت دینے سے قاصر ہے جبکہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز یکم ستمبر سے شیڈول ہیں۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں جنگ ختم ہوگئی، نئی حکومت کی شکل جلد واضح ہوگی، طالبان

افغان ٹیم اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی لیکن اب اس حوالے سے بھی شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔

افغانستان میں 1996 سے 2001 تک حکمرانی کرنے والے طالبان نے اس وقت کھیلوں کے مقابلوں کی زیادہ حوصلہ افزائی نہیں کی تھی۔

افغان ٹیم کے اسٹار اسپنر اور کپتان راشد خان اور آل راؤنڈر محمد نبی اس وقت انگلینڈ میں دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں شریک ہیں اور دونوں کھلاڑیوں نے طالبان کے قبضے کے بعد ملک میں امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کرکٹ ٹیم کے اکثر کھلاڑی اس وقت افغانستان میں موجود ہیں۔

بین الاقوامی کرکٹ کے ایک عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ان کھلاڑیوں کے حوالے سے بتایا کہ ‘ان کی رہائش کے حوالے سے معلومات لی جارہی ہیں’۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ انہیں تاحال امید ہے کہ وہ ہمبنٹوٹا کے کرکٹ گراؤنڈ میں تماشائیوں کے بغیر افغانستان اور پاکستان کے درمیان شیڈول تین میچوں کی سیریز کی میزبانی کرے گا۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان شیڈول سیریز ابتدائی طور پر متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی تھی لیکن انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے مقابلوں کے باعث سری لنکا منتقل کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی

متحدہ عرب امارات میں ستمبر میں آئی پی ایل کا انعقاد ہوگا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ ‘ہم انہیں بتا چکے ہیں کہ ہم ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہیں، تمام تیاریاں جاری ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘کابل کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے ہمیں نہیں معلوم کہ وہ کھیل پائیں گے یا نہیں، ہمیں ان کے جواب کا انتظار ہے’۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کے باعث دونوں ٹیموں کو اگلے ہفتے سری لنکا میں پہنچنا ہے کیونکہ سیریز ستمبر میں شروع ہوگی۔

افغان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ میں کہا گیا کہ قومی اسکواڈ 7 اگست کو اعلیٰ عہدیداروں سے ملا تھا اور انہیں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی پر بہترین انعامات دیے جائیں گے۔

ایک ہفتے قبل بیان میں افغان بورڈ نے کہا تھا کہ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر شان ٹیٹ کو ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024