• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ماڈل نایاب کو ’غیرت‘ کے نام پر سوتیلے بھائی نے قتل کیا، پولیس

شائع August 16, 2021
نایاب ندیم نے متعدد اشتہارات اور تھیٹرز میں کام کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
نایاب ندیم نے متعدد اشتہارات اور تھیٹرز میں کام کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

لاہور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ماہ جولائی کے آغاز میں مردہ حالت میں پائی گئی ماڈل نایاب ندیم کو ان کے سوتیلے بھائی نے ’غیرت‘ کے نام پر قتل کیا تھا۔

نایاب ندیم کی لاش گزشتہ ماہ جولائی کے آغاز میں لاہور کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز 5 کے بنگلے سے برہنہ اور تشدد زدہ حالت میں ملی تھی۔

واقعے کے ایک ماہ بعد اب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ ماڈل کو سوتیلے بھائی نے ’غیرت‘ کے نام پر قتل کیا تھا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا کہ مقتولہ کے سوتیلے بھائی اسلم نے دوران تفتیش ماڈل کو ’غیرت‘ کے نام پر قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

تفتیش افسر کے مطابق نایاب ندیم کے قتل کی رپورٹ بھی ان کے دو میں سے ایک سوتیلے بھائی کی فریاد پر دائر کی گئی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ دوران تفتیش معلوم ہوا تھا کہ جس دن ماڈل کو قتل کیا گیا، اسی دن ان سے صرف ان کے سوتیلے بھائی نے ملاقات کی تھی جب کہ جائے وقوع پر مذکورہ ملزم کے پاؤں کے نشانات بھی تھے۔

نایاب ندیم کی لاش گزشتہ ماہ کے شروع میں گھر سے برآمد ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
نایاب ندیم کی لاش گزشتہ ماہ کے شروع میں گھر سے برآمد ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

دوران تفتیش ملزم اسلم نے ماڈل نایاب ندیم کو ’غیرت‘ کے نام پر قتل کرنے کے بعد انہیں برہنہ کرکے ان کے ریپ کا ڈراما رچانے کا اعتراف کیا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں گھر سے ماڈل کی تشدد زدہ لاش برآمد

مقتولہ ماڈل متعدد اشتہارات اور تھیٹرز میں پرفارمنس کر چکی تھیں، علاوہ ازیں انہوں نے چند گانوں میں بھی پرفارمنس کی تھی اور وہ 2015 سے ڈی ایچ اے میں تنہا رہتی تھیں تاہم ان کے سوتیلے بھائی ان کے گھر آتے جاتے رہتے تھے۔

ماڈل نایاب کے قتل سے قبل بھی کچھ ماڈلز، اسٹیج ڈانسرز و شوبز سے وابستہ ملک کے مختلف علاقوں کی خواتین کو اہل خانہ اور رشتے داروں کی جانب سے قتل کیا جاچکا ہے جب کہ متعدد خواتین پر حملے بھی کیے جا چکےہیں۔

نایاب ندیم کے بعد بھی لاہور میں رواں ماہ کے آغاز میں تین بچوں کی ماں کو بھائی نے ’غیرت‘ کے نام پر قتل کردیا تھا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں 2011 سے 2020 تک 6 ہزار 277 خواتین کو ’غیرت‘ کے نام پر قتل کیا جا چکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024