• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی

شائع August 16, 2021
ویسٹ انڈیز کے نوجوان باؤلر جیڈن سیلز نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لیں— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
ویسٹ انڈیز کے نوجوان باؤلر جیڈن سیلز نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لیں— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

آخر وکٹ پر کیمر روچ اور جیڈن سیلز کے درمیان 17 رنز کی شراکت نے ویسٹ انڈیز کو ڈرامائی فتح دلانے میں کردار ادا کیا۔

قبل ازیں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان کی ٹیم 203 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور ویسٹ انڈیز کو میچ میں فتح کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کنگسٹن،جمیکا میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے 160 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان بابر اعظم 54 اور فہیم اشرف 12 رنز پر کھیل رہے تھے۔

پاکستان کو دن کے آغاز میں ہی یکے بعد دیگرے دو بڑے دھچکے لگے اور فہیم اشرف کے بعد کپتان بابر اعظم گزشتہ روز کے اسکور میں صرف ایک رنز کے اضافے سے 55 رنز بنا کر چلتے بنے۔

یاسر شاہ کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ صرف چار رنز بنا سکے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

حسن علی نے چند بڑے شاٹس کھیل کر 2 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے لیکن وہ بھی جیڈن سیلز کی وکٹ بن گئے۔

پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 203 رنز پر ڈھیر ہو اور آخری 5 وکٹیں صرف 43 رنز کے اضافے سے گریں۔

ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 55 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیماروچ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پہلی اننگز میں 36 رنز کے خسارے کے سبب پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا ہے۔

ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو شاہین شاہ آفریدی نے شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی تین وکٹیں 16 رنز پر حاصل کرلی اور میزبان ٹیم کو دباؤ کا شکار کردیا۔

روسٹن چیز اور جرمین بلیک ووڈ نے بالترتیب 22 اور 55 رنز کی اننگز کھیل کر ویسٹ انڈیز کو مشکل سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس کے جواب میں کپتان کریگ بریتھ ویٹ کے 97 رنز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 253 رنز بنائے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024