ٹک ٹاک میں کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے نئے فیچرز کا اضافہ
ٹک ٹاک نے کم عمر افرا کی حفاظت اور اسکرین کے سامنے کم وقت گزارنے کی حوصلہ افزائی کے لیے نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔
ویڈیو شیئرنگ ایپ میں 13 سے 15 سال کی عمر کے صارفین کے لیے ڈاؤن لوڈز کو بائی ڈیفالٹ ڈس ایبل کردیا جائے گا۔
اسی طرح 16 سے 17 سال کی عمر کے صارفین جب ویڈیو پوسٹ کریں گے تو اس سے قبل ایک پوپ اپ ریمائنڈر نمودار ہوگا جس میں آڈینس جیسے فالوورز، فرینڈز اونلی یا صرف ان تک محدود رہنے کے آپشنز میں سے کسی ایک پر کلک کرنا ہوگا۔
اس عمر کے کریٹیئرز کو اپنی ویڈیوز کو ڈاؤن لوڈ ایبل بنانے کا آپشن بھی دیا جائے گا۔
ٹک ٹاک کی جانب سے اسکرین ٹائم کم کرنے کے لیے پش نوٹیفکیشنز کی حد کو متعارف کرایا گیا ہے۔
13 سے 15 سال کی عمر کے صارفین کے لیے پش نوٹیفکیشنز رات 9 بجے کے بعد رک جائیں گے جبکہ 16 سے 17 سال کی عمر کے ٹک ٹاکرز کو رات 10 بجے کے بعد نوٹیفکیشنز موصول نہیں ہوں گے۔
نوٹیفکیشنز کا یہ سلسلہ صبح 8 بجے پھر بحال ہوگا۔
کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ 16 سے 17 سال کی عمر کے نئے صارفین کے لیے ڈائریکٹ میسجز بائی ڈیفالٹ ڈس ایبل ہوں گے۔
اس سے قبل ٹک ٹاک نے جنوری 2021 میں م عمر صارفین کے تحفظ کے لیے پرائیویسی پالیسی کو زیادہ سخت کیا تھا۔
اس پالیسی کے تحت 13 سے 15 سال کی عمر کے تمام رجسٹر صارفین کے اکاؤنٹس بائی ڈیفالٹ پرائیویٹ ہوجائیں گے۔
آسان الفاظ میں ان کے اکاؤنٹس تک کوئی بھی رسائی حاصل نہیں کرسکے گا بلکہ دوستوں سے ہی رابطہ ممکن ہوگا۔
اسی طرح سجیسٹ یور اکاؤنٹ ٹو ادرز کی سیٹنگ بھی 13 سے 15 سال کی عمر کے صارفین کے لیے بائی ڈیفالٹ آف ہوگی۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک کو اپنے پلیٹ فارم میں بچوں کے تحفظ کے لیے ناکافی اقدامات پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔