اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کو ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا
صنعت کار و سماجی رہنما مرزا اشتیاق بیگ نے الزامات لگانے اور بدنام کرنے پر گلوکار زوہیب حسن کو ایک ارب روپے کے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا۔
زوہیب حسن نے 13 اگست کو اپنی مرحوم بہن گلوکارہ نازیہ حسن کی 21 ویں برسی کے موقع پر اشتیاق بیگ پر الزامات لگاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ان کی بہن کو زہر دیا تھا۔
مرزا اشتیاق بیگ اور نازیہ حسن نے 1995 میں شادی کی تھی اور گلوکارہ 13 اگست 2000 کو کینسر کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔
اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کے الزامات کو مسترد کردیا تھا اور اب انہوں نے گلوکار کو ہرجانے کا نوٹس بجھوا دیا۔
جیو نیوز کے مطابق اشتیاق بیگ نے اپنے وکیل کے توسط سے زوہیب حسن کو ایک روپے کے ہرجانے کا نوٹس بھجواتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
صنعت کار نے نوٹس میں لکھا ہے کہ زوہیب حسن نے ان پر جھوٹے الزامات لگا کر ان کی بدنامی کی، اس لیے گلوکار ایک ہفتے میں ان سے معافی مانگیں۔
نوٹس میں کہا گیا کہ زوہیب حسن نے صنعت کار کے لیے نازیبا الفاظ کا استعمال کرکے ان کی ساکھ کو بھی متاثر کیا، اس لیے وہ معافی مانگ کر ایک ارب روپے کا ہرجانہ ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: نازیہ حسن کی 21 ویں برسی پر زوہیب حسن کے سنگین انکشافات
نوٹس میں گلوکار کو کہا گیا ہے کہ اگر انہوں نے ایک ہفتے میں معافی نہیں مانگی اور ہرجانہ ادا نہیں کیا تو ان کے خلاف کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
دوسری جانب زوہیب حسن نے نوٹس ملنے یا نہ ملنے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
اس سے قبل زوہیب حسن نے 13 اگست کو مختلف ٹی وی چینلز سے بات کرتے ہوئے اشتیاق بیگ پر سنگین الزماات لگائے تھے۔
زوہیب حسن کا کہنا تھا کہ ان کی بہن مرتے وقت دیے گئے بیان میں کہ کر گئی تھیں کہ شوہر نے انہیں مشکوک زہریلی چیز کھلائی اور وہ انہیں قید کرکے ان پر تشدد بھی کرتے تھے۔
مزید پڑھیں: مرزا اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کے الزامات مسترد کردیے
ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی بہن اور اشتیاق بیگ میں 2000 میں ہی طلاق ہوگئی تھی۔
زوہیب حسن کے دعووں پر اشتیاق بیگ نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے تمام الزامات کو مسترد کیا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی اور نازیہ کی طلاق نہیں ہوئی تھی اور زوہیب اپنے والدین سمیت ان کی جائداد ہتھیانے چاہتے تھے اور اب وہ مالی طور پر کمزور ہوگئے ہیں تو ان پر الزامات لگا رہے ہیں۔
اور اب انہوں نے زوہیب حسن کو ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا۔