• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'پہلی مرتبہ پاکستان میں ایسا الیکشن کرائیں گے جس کے نتائج سب قبول کریں گے'

شائع August 13, 2021
وزیراعظم کا نادرا ہیڈکوارٹرز میں تقریب سے خطاب—تصویر: ڈان نیوز
وزیراعظم کا نادرا ہیڈکوارٹرز میں تقریب سے خطاب—تصویر: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ان کی حکومت پہلی مرتبہ پاکستان میں ایسے انتخابات کروائے گی، جس کے نتائج سب قبول کرلیں گے۔

اسلام آباد میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ہیڈکوراٹرز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 33 لاکھ افغان پناہ گزین موجود ہیں لیکن ان کے علاوہ بھی بہت سے ایسے لوگ ہیں جو غیر رجسٹرڈ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جن کے پاس کوئی شناخت نہ ہو وہ نان سیٹیزن بن جاتے ہیں، نادرا جو ایلین رجسٹریشن کارڈز جاری کررہا ہے اس کی وجہ سے وہ مرکزی دھارے میں آجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:الیکٹرانک ووٹنگ سے دھاندلی نہیں ہوگی، اپوزیشن نتائج تسلیم کرلے گی، وزیر اعظم

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کارڈ کی مدد سے وہ کاروبار کرسکیں گے، بینکوں میں پیسے رکھوا سکیں گے اور معیشت کا حصہ بن جائیں گے اور غیر قانونی کاموں سے بچیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جو فراڈ معاشرے میں اور انتخابات میں ہوتا ہے ان سب کا حل ٹیکنالوجی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیٹا اور ٹیکنالوجی دونوں کے استعمال سے ہم پہلی مرتبہ پاکستان میں ایسا الیکشن کروائیں گے جس کے نتائج سب قبول کرلیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ ہوگی کہ ٹیکنالوجی کو ڈیٹا سے منسلک کردیں گے اور ٹھپے لگانا، بیلٹ باکس بھرنا، ایک ایک گھر سے 100، 100 جعلی ووٹس رجسٹرڈ کرانے جیسے تمام کام ختم ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کو پاکستان کی تیار کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینز پر بریفنگ

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جیسے ہی الیکٹرانک ووٹنگ مشینز آجائیں گی اس کے ساتھ نادرا کا ڈیٹا ٹیلی کر کے ہم بالکل اکیسیوں صدی کا الیکشن کروائیں گے۔

دفتر وزیراعظم سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نادار ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم نے نادرا کی نئی موبائل رجسٹریشن وین منصوبے کا افتتاح کیا۔

دورے کے موقع پر وزیراعظم کو ایلین رجسٹریشن کارڈز، پاک کووڈ 19 موبائل ویکسی نیشن پاس، قومی تصدیق و تجدید مہم اور نئے نادرا رجسٹریشن سینٹرز/نئی موبائل رجسٹریشن وین کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیراعظم اس موقع پر نادرا کے نیشنل ڈیٹا وئیر ہاؤس اور آپریشن روم کا بھی دورہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024