• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کورونا وائرس سے انتقال کرگئیں

دردانہ بٹ کو رواں ماہ کے اوائل میں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
دردانہ بٹ کو رواں ماہ کے اوائل میں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان کی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کورونا وائرس کے باعث 83برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئیں۔

ڈان امیجز کو ان کے انتقال کی تصدیق اداکار و آر جے خالد ملک نے کی، انہوں نے انسٹاگرام پر بھی دردانہ بٹ کے انتقال کی اطلاع دی تھی۔

خالد ملک نے کہا کہ 'دردانہ بٹ کے اہلخانہ نے انہیں بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اداکارہ کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا'۔

مزید پڑھیں: پاکستانی ڈراموں کی ’ملکہ‘ حسینہ معین مداحوں سے بچھڑ گئیں

انہوں نے کہا کہ 'آخری وقت تک ڈاکٹرز نے کہا کہ وہ ایک فائٹر ہیں لیکن جب بلاوا آجائے تو کیا کرسکتے ہیں اور وہ سمجھ گئی تھیں، انہوں نے زندگی کے لیے کوشش کرنا چھوڑ دی تھی'۔

خالد ملک نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا کہ دردانہ (دودی) آپا اب نہیں رہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'عقلمند، مزاحیہ، بصیرت والی دردانہ بٹ ایک خاص روح تھیں، جو اب اس دنیا میں نہیں رہیں'۔

صحافی تہمینہ خالد نے بھی سینئر اداکارہ کے انتقال کی تصدیق کی اور کہا کہ ان کا انتقال کورونا وائرس سے ہوا اور وہ گزشتہ چند برس سے کینسر کے عارضے میں بھی مبتلا تھیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے سے قبل ہی ان کی طبیعت ناساز تھی۔

خیال رہے کہ رواں ماہ اگست کے اوائل میں سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کو خرابی صحت کے باعث ہسپتال منتقل کرنے اور وینٹی لیٹر پر رکھے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

اداکار خالد ملک نے دردانہ بٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی تھی اور بتایا تا کہ سینئر اداکارہ کو وینٹی لینٹر پر رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اداکارہ کی حالت تشویش ناک ہے لیکن اس وقت یہ نہیں بتایا تھا کہ انہیں کس بیماری کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بعدازاں خالد ملک نے انسٹاگرام پر دردانہ بٹ کی بھانجی ملیحہ خان کی جانب سے ایک پیغام شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے تھا کہ ’ تمغۂ امتیاز حاصل کرنے والی میری خالہ دردانہ بٹ اس وقت بہادری سے کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں، ان کی صحتیابی کے لیے دعا کریں'۔

خیال رہے کہ دردانہ بٹ نے 70 کی دہائی میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور 'تنہائیاں' میں 'بی بی' کے کردار سے انہیں بہت زیادہ مقبولیت ملی۔

یہ بھی پڑھیں: لیجنڈری اداکارہ سلطانہ ظفر انتقال کرگئیں

ان کے مقبول ڈراموں میں 'آنگن ٹیڑھا'، 'ففٹی ففٹی'، 'ڈگڈگی'، 'انتظار' اور 'رسوائی' شامل ہیں۔

دردانہ بٹ نے مختلف پاکستانی فلموں میں بھی اداکاری کی جن میں' ہجرت'، 'عشق پازیٹو'، 'بالو ماہی'، 'دل دیاں گلاں' اور 'پرے ہٹ لو' شامل ہیں۔

سینئر اداکارہ کا آخری ڈراما 'رسوائی' تھا جو نجی ٹی وی چینل پر 2019 میں نشر ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024