• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:28pm

سونیا حسین اور جواد احمد کا خواتین کو خراج عقیدت پیش

شائع August 12, 2021
گانے کے آغاز میں سونیا حسین کو نظم پڑھتے دکھایا گیا ہے—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ یوٹیوب
گانے کے آغاز میں سونیا حسین کو نظم پڑھتے دکھایا گیا ہے—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ یوٹیوب

اداکارہ سونیا حسین اور گلوکار جواد احمد نے ’وویمن سانگ‘ کے ذریعے تشدد، ریپ اور قتل و غارت گری کی شکار خواتین کو خراج عقیدت پیش کرکے مداحوں کے دل جیت لیے۔

’وویمن سانگ‘ کی شاعری بھی خود جواد احمد نے لکھی ہے جب کہ اس کی موسیقی بھی انہوں نے خود ترتیب دی ہے۔

گانے میں معصوم زینب سمیت حال ہی میں اسلام آباد میں قتل کی جانے والی نور مقدم سمیت نشانہ بننے والی دیگر خواتین و بچیوں کے واقعات کو بھی دکھایا گیا ہے۔

گانے میں موٹر وے ریپ کیس واقعے کی خبریں اور تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں بربریت کا شکار بننے والی بچیوں اور خواتین کے واقعات کو بھی دکھایا گیا ہے۔

گانے میں نمایاں کارنامے سر انجام دینے والی ملک کی معروف خواتین کو بھی دکھایا گیا ہے۔

گانے کو ابتدائی طور پر جواد احمد نے رواں ماہ 7 اگست کو ریلیز کیا تھا لیکن سونیا حسین نے اسے 11 اگست کو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا۔

اداکارہ نے گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے جذباتی انداز میں خواتین کی اہمیت پر اپنی نظم پڑھنے کی جھلکیاں بھی شیئر کیں۔

سونیا حسین کی جانب سے پڑھی گئی نظم ویڈیو کا حصہ نہیں ہے لیکن اداکارہ نے اسے گانے کے ساتھ ہی شیئر کیا، جس میں انہیں نظم پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ خواتین، مائیں، بیویاں، بہنیں اور بیٹیاں ہیں، یہ کوئی چیز نہیں بلکہ انسان ہیں اور انہیں آگے بڑھنے سے کوئی روک نہیں سکتا۔

اداکارہ کی جانب سے خواتین کو جذباتی انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دکھائے جانے پر لوگوں نے گانے کی تعریفیں کی اور ان سمیت جواد احمد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سونیا حسین نے گانے کو شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بھی سوشل میڈیا پر اسے شیئر کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ مذکورہ پیغام کو زیادہ سے زیادہ پھیلایا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024