• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

’قائداعظم زندہ باد اور کھیل کھیل میں‘ کب ریلیز ہوں گی؟ فلم ساز نے بتادیا

شائع August 12, 2021
قائد اعظم زندہ باد میں فہد مصطفیٰ پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے—فوٹو: انسٹاگرام
قائد اعظم زندہ باد میں فہد مصطفیٰ پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے—فوٹو: انسٹاگرام

دسمبر 2019 میں دنیا بھر میں کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد مارچ 2020 سے پاکستان میں سینما ہاؤسز بند ہیں، جس کی وجہ سے کوئی بھی فلم ریلیز نہیں کی جا سکی۔

پاکستان کی کم از کم نصف درجن فلمیں ایسی ہیں جو ریلیز کیے لیے مکمل طور پر تیار ہیں مگر سینما بند ہونے کی وجہ سے انہیں ریلیز نہیں کیا جا سکتا۔

ریلیز کے لیے تیار فلموں میں فلم ساز نبیل قریشی اور فضا علی میرزا کی فلمیں ’قائد اعظم زندہ باد اور کھیل کھیل میں‘ بھی ہیں، جن کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کورونا کے بعد سب سے پہلے ریلیز ہوگی؟

دونوں فلموں کی ریلیز کے حوالے سے حال ہی میں مداحوں کی جانب سے پوچھے جانے پر فلم ساز نے بتایا کہ ان کی خواہش ہے کہ آج ہی سینما کھولے جائیں اور وہ فلموں کو ریلیز کریں۔

انسٹاگرام پر نبیل قریشی نے مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے نہ صرف مذکورہ دونوں فلموں کی ریلیز کے حوالے سے کھل کر بات کی بلکہ یہ بھی بتایا کہ انہوں نے ’کھیل کھیل میں‘ بلال عباس خان کو کیوں کاسٹ کیا؟

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے نبیل قریشی نے ایک مداح کو بتایا کہ یوٹیوب کے لیے فلم 5 ہزار روپے میں بھی بن سکتی ہے تو 5 لاکھ روپے میں بھی بن سکتی ہے، سارا دارومدار فلم کی کہانی پر ہے، جیسی کہانی ہوگی، ویسا ہی بجٹ ہوگا۔

پاکستان کے علاوہ بھارتی مداحوں نے بھی ان سے سوالات کرتے ہوئے انہیں ممبئی آنے کی دعوت دی جب کہ کسی مداح نے انہیں پشاور آنے کا کہا تو انہوں نے حیرانی کی ایموجی شیئر کی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ایک مداح نے ان کی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ کی تعریف کی اور انہیں بتایا کہ انہوں نے مذکورہ فلم کو 10 مرتبہ دیکھا ہے، جس پر فلم ساز نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور اس بات پر خوش دکھائی دیئے کہ ان کی فلم تاحال دیکھی جا رہی ہے۔

’قائد اعظم زندہ باد‘ کے ٹریلر یا فلم کی ریلیز کے حوالے سے پوچھے گئے سوالوں پر نبیل قریشی نے بتایا کہ جب تک سینما نہیں کھل جاتے تب تک وہ اس کا ٹریلر تک ریلیز نہیں کریں گے۔

انہوں نے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ مداحوں سے زیادہ انہیں جلدی ہے کہ سینما کھلیں اور وہ اپنی فلموں کو ریلیز کریں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ایک مداح نے انہیں تجویز دیتے ہوئے سوال کیا کہ کیا وہ 2022 سے قبل ’قائد اعظم زندہ باد اور کھیل کھیل میں‘ کو ریلیز کریں گے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ لوگوں سے زیادہ انہیں فلموں کو سینما پر جاری کرنے کی جلدی ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ وہ ’کھیل کھیل میں‘ کو سینما پر ریلیز کرنے کے بعد اسٹریمنگ ویب سائٹ پر بھی ریلیز کریں گے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

’کھیل کھیل میں‘ بلال عباس خان کو کاسٹ کرنے کے سوال پر انہوں نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ انہیں کاسٹ کرنے سے قبل انہوں نے استخارہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ ’قائد اعظم زندہ باد‘ میں فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان جب کہ ’کھیل کھیل میں‘ بلال عباس خان اور سجل علی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

دونوں فلموں کی جھلکیاں جاری کی جا چکی ہیں لیکن کورونا کی وجہ سے ان کے ٹریلر تک تاحال ریلیز نہیں کیے گئے تاہم دونوں کے مختصر ٹیزرز جاری کیے جا چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024