• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اولمکپس 2028 میں کرکٹ کی شمولیت کیلئے آئی سی سی سرگرم

شائع August 10, 2021
آئی سی سی نے اولمپک ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا ہے—فائل/فوٹو: اے ایف پی
آئی سی سی نے اولمپک ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا ہے—فائل/فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ لاس اینجلس میں شیڈول اولمپک گیمز 2028 میں کرکٹ کی شمولیت کے لیے کوششیں شروع کر رہے ہیں۔

اولمپک مقابلوں میں کرکٹ کو آخری مرتبہ پیرس میں 1900 میں شامل کیا گیا تھا جہاں صرف دو ٹیمیں برطانیہ اور میزبان فرانس مدمقابل تھیں۔

مزید پڑھیں: انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اپنے اختیارات وسیع کر لیے

آئی سی سی کے بیان کے مطابق ‘اس کوشش کے لیے ایک ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے’۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین آئن واٹمور آئی سی سی اولمپک ورکنگ گروپ کی سربراہی کریں گے اور دیگر اراکین میں آئی سی سی انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹر اندرا نوئی، زمبابوے کرکٹ کے سربراہ توینگوا مکوہلانی، آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ اراکین کے ڈائریکٹر اور ایشین کرکٹ کونسل کے نائب صدر مہیندا ویلیپورام اور امریکی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین پیراگ میراٹھے شامل ہیں۔

آئی سی سی کے ورکنگ گروپ میں پاکستان کو نمائندگی نہیں دی گئی ہے۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم کے مطابق کرکٹ 2022 کے دولت مشترکہ گیمز میں شامل ہوگی اور اسے اولمپکس کے کھیلوں کا باقاعدہ حصہ بننے کی اہلیت ثابت ہوسکتی ہے۔

آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘ہمارا کھیل اس کوشش کے پیچھے متحد ہے اور ہم کرکٹ کو اولمپکس کے طویل مستقبل کے حصے کے طور پر دیکھتے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘کرکٹ کے عالمی سطح پر ایک ارب سے زائد شائقین ہیں اور ان میں سے 90 فیصد کرکٹ کو اولمپکس میں دیکھنا چاہتے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ اولمپک گیمز میں کرکٹ کی شمولیت سے کھیل اور گیمز دونوں کا فائدہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹوکیو اولمپکس: ویمنز ہاکی کے سیمی فائنل میں بھارت کو شکست

بیان میں کہا گیا کہ امریکا میں 3 کروڑ سے زائد کرکٹ کے شائقین رہتے ہیں، جس کے باعث لاس اینجلس گیمز 2028 میں کرکٹ کی اولمپک مقابلوں میں واپسی کا نادر موقع ہے۔

گریگ بارکلے نے کہا کہ ‘کرکٹ کے مضبوط اور پرجوش شائقین ہیں خاص کر جنوبی ایشیا میں جہاں کرکٹ شائقین کی 92 فیصد تعداد موجود ہے اور امریکا میں بھی 3 کروڑ شائقین ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ان شائقین کو اپنے ہیروز اولمپک میڈلز کے لیے مقابلہ کرتے ہوئے دیکھنے کا موقع دینا خوشگوار ہوگا’۔

آئی سی سی کے نمائندے نے کہا کہ ‘ہمیں یقین ہے کہ کرکٹ اولمپک گیمز میں ایک عظیم اضافہ ہوگا لیکن ہم یہ جانتے ہیں کہ ہماری رکنیت کا حصول آسان نہیں ہوگا جیسا کہ دیگر کئی عظیم کھیل بھی حصہ نہیں ہیں اور وہ بھی شمولیت کی خواہش میں ہیں’۔

امریکی کرکٹ کے چیئرمین پیراگ میراٹھے کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اولمپکس میں طویل انتظار بعد کرکٹ میں واپسی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ‘کرکٹ امریکا پرجوش ہے کہ اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کی کوشش میں تعاون کرے، امریکا میں اس کھیل کے فروغ کے مستقل منصوبے کی تکمیل کا صحیح وقت ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘کرکٹ کے کئی پرجوش شائقین اور کھلاڑی پہلے ہی امریکا میں موجود ہیں اور دنیا بھر میں کرکٹ کو پسند کیا جاتا ہے، ہمارا ماننا ہے کہ لاس اینجلس 2028 اولمپک گیمز میں کرکٹ کی شمولیت ایک عظیم اضافہ ہوگا’۔

پیراگ میراٹھے نے کہا کہ ‘ملک میں کرکٹ کو مرکزی کھیل کا حصہ بنانے کے ہمارے وژن کے حصول کے لیے بھی اسے مدد ملے گی’۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024