• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

لاہور میں میاواکی جنگل کا افتتاح، 'یہ تو شروعات ہیں، 10 ارب درخت لگائیں گے'

شائع August 9, 2021
وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں میاواکی جنگل کا افتتاح کیا—فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں میاواکی جنگل کا افتتاح کیا—فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں بنائے گئے میاواکی جنگل کو دنیا کا سب سے بڑا ایسا جنگل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تو شروعات ہیں ہمارا ہدف 10 ارب درخت لگانے کا ہے۔

لاہور میں میاواکی اربن فارسٹ کا افتتاح کرنے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ‘میں حکومت پنجاب، وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم سب کو آج خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ میاواکی جنگل اگایا ہے’۔

مزید پڑھیں: آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر پاکستان چھوڑنا چاہتے ہیں، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ ‘یہ وہ لاہور شہر ہے جہاں ہم بڑھے ہوئے جہاں باغات، درخت اور صاف آب و ہوا تھی لیکن دیکھتے ہی دیکھتے لاہور پاکستان کا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ جو آپ نے آج کیا ہے یہ شروعات ہیں، مجھے بڑی خوشی ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا میاواکی جنگل اگایا گیا ہے’۔

جنگل کو اس کے بانی جاپان کے آنجہانی پروفیسر میاواکی سے منسوب کرتے ہیں، جن کی پچھلے مہینے ہی وفات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک رپورٹ چھپی ہے کہ دنیا کے سرفہرست سائنس دانوں نے بڑی دیر کے بعد کچھ نتائج اخذ کیے ہیں کہ انسان نے اللہ کی نعمتوں پر ظلم کیا ہے جیسے کہ کئی چیزیں کی ہیں مثلاً گرم موسم کی وجہ سے سمندر اوپر گیا ہے، کاربن کی وجہ سے دنیا بھر میں موسم گرم ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسان نے اتنا نقصان پہنچایا ہے کہ یہ چیز اب واپس ہی نہیں آسکتی اور اس میں بتایا گیا کہ دنیا میں جتنے بھی افراد ہیں وہ سب مل کر کوشش کریں تو اس کے مزید نقصانات سے بچ سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے بڑا فخر ہے کہ پاکستان وہ ملک ہے، جس نے گلوبل وارمنگ روکنے کے لیے اپنی حیثیت سے بڑھ کر کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاواکی جنگل کاربن کو سب سے زیادہ جذب کرتا ہے، جس کی وجہ سے ہم اپنے ماحول کو کم نقصان پہنچاتے ہیں اور یہ آلودگی کے حوالے سے بھی بہت اچھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے بلین ٹری سونامی منصوبے کا تمام ریکارڈ طلب کرلیا

ان کا کہنا تھا کہ ہماری آنے والی نسلیں کم ازکم یہ تو دیکھیں گی کہ ہم ایک بہتر ملک چھوڑ کر گئے ہیں، جو ہمیں ملا تھا، پاکستان کی 60 سالہ تاریخ میں 2013 تک صرف 64 کروڑ درخت اگائے گئے تھے جبکہ 2013 سے 2018 تک ہم نے صرف خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت اگائے اور اب ہمارا ہدف 10 ارب درخت اگانے کا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج میں سارے پاکستانیوں سے کہوں گا کہ اگر آپ کو اپنے بچوں کی اور ان کے مستقبل کی فکر ہے تو کم از کم ایک درخت لگانا چاہیے اور اس کی دیکھ بحال کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ درخت لگانا آسان ہے لیکن اس کی دیکھ بھال کرنی ہے اور کم از کم ایک درخت لگائیں، میرے نوجوان اور طلبہ سب کو اس ملک کے مستقبل کے لیے پوری کوشش کرنی چاہیے۔

خیال رہے کہ لاہور میں مزید 53 میاواکی جنگلات مختلف علاقوں میں اگائے جارہے ہیں تاکہ لاہور کی آلودگی کو کم کیا جاسکے۔

لاہور میں یہ جنگلات بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت اگائے جارہے ہیں جو 100 کینال سے زائد اراضی پر بنائے گئے ہیں اور اس میں ایک لاکھ 65 ہزار درخت لگائے جائیں گے۔

میاواکی ٹیکنیک کے ساتھ یہ درخت عام جنگلات کے مقابلے میں 10 گنا تیزی سے نشو ونما پاتے ہیں، اس کو خصوصی زمین کے ساتھ ساتھ نایاب قسم کے درخت اگانے کے لیے استعمال کیا جائے گا تاکہ تیزی اربن فارسٹ کو پھیلایا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024