بولی وڈ ولن انوپم شیام چل بسے
متعدد بھارتی ڈراموں اور فلموں میں عام طور پر ولن کے کردار ادا کرنے والے اداکار انوپم شیام متعدد جسمانی اعضا ناکارہ ہونے کے باعث دوران علاج 63 سال کی عمر میں چل بسے۔
انوپم شیام نے نوجوانی میں ٹی وی سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور 1996 میں انہوں نے فلموں میں انٹری دی، ان کی پہلی فلم کرن کھیر اور امریش پوری جیسے منجھے ہوئے اداکاروں کے ساتھ ریلیز ہوئی۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق انوپم شیام گزشتہ چند سال سے گردوں کے امراض میں مبتلا تھے اور گزشتہ ہفتے ان کی طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔
دوران علاج طبی پیچیدگیوں اور زائدالعمری کے باعث انوپم شیام کے متعدد اعضا ناکارہ ہوگئے، جس وجہ سے وہ 8 اور 9 اگست کی درمیانی شب ہسپتال میں چل بسے۔
انوپم شیام کی دیہانت سے متعلق ان کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں نے تصدیق کی، جس کے بعد شوبز شخصیات نے ان کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔
انوپم شیام جہاں گزشتہ چند سال سے بیماری سے لڑ رہے تھے، وہیں وہ مالی مشکلات کا بھی شکار تھے اور کچھ سال قبل انہوں نے اپنے بھائی کے علاج کے لیے بھی مالی مدد کی اپیل کی تھی۔
انوپم شیام نے 4 درجن سے زائد بولی وڈ فلموں میں کام کیا، جن میں متعدد میگا بجٹ اور کامیاب فلمیں بھی شامل ہیں۔
امریش پوری اور کرن کھیر جیسے اداکاروں کے ساتھ پہلی فلم ’سرداری بیگم‘ سے کیریئر کا آغاز کرنے والے انوپم شیام نے زیادہ تر فلموں میں منفی کردار ادا کیے جب کہ انہوں نے ڈراموں میں بھی ولن کا روپ دھارا۔
انوپم شیام نے ’دستک، تمنا، دعویٰ، ستیا، دل سے، زخم، پیار تو ہونا ہی تھا، سنگھرش، لگان، پاپ، گول مال، ہلا بول، سلم ڈاگ ملینیئر، راز، وانٹڈ، کجرارے اور اکیلی‘ سمیت دیگر فلموں میں کام کیا۔
انہوں نے معروف اور طویل عرصے تک چلنے والے بھارتی ڈراموں جن میں ’من کی آواز: پرتگیا، رشتے، کیوں کہ جینا اسی کام نام ہے اور ہم نے لی ہے شپتھ‘ سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔
انوپم شیام کی موت پر ان کے ساتھ کام کرنے والے پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور اداکاروں سمیت عام شوبز شخصیات نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین انسان و اداکار قرار دیا۔