• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اسلام آباد، راولپنڈی میں مثبت کورونا کیسز کی شرح دہرے ہندسوں میں داخل

شائع August 9, 2021
ہفتہ کے روز 4 ہزار 875 نمونوں اکٹھے کیے گئے تھے جس میں سے 410 مثبت آئے۔—تصویر: وائٹ اسٹار
ہفتہ کے روز 4 ہزار 875 نمونوں اکٹھے کیے گئے تھے جس میں سے 410 مثبت آئے۔—تصویر: وائٹ اسٹار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس سے متصل راولپنڈی میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح دہرے ہندسوں تک پہنچ گئی اور اتوار کے روز مزید 626 افراد کووِڈ 19 سے متاثر پائے گئے تاہم کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ایک روز کے دوران 400 کورونا کیسز جبکہ راولپنڈی میں 226 کی تصدیق ہوئی۔

دارالحکومت کے محکمہ صحت کے مطابق ہفتہ کے روز 4 ہزار 875 نمونے اکٹھے کیے گئے تھے جس میں سے 410 مثبت آئے۔

ڈان کے پاس دستیاب ایک دستاویز کے مطابق جون کے پہلے ہفتے میں کیسز مثبت آنے کی شرح 2.11 فیصد تھی جو 21 سے 27 جون کے درمیان 0.9 فیصد تک کم ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ایک عام دوا کووڈ کی شدت ممکنہ طور پر 70 فیصد تک کم کرسکتی ہے، تحقیق

تاہم اس میں دوبارہ اضافہ ہونا شروع ہوا اور جولائی کے پہلے ہفتے میں 5.45 فیصد جبکہ مہینے کے آخری ہفتے میں 9.27 فیصد تک جا پہنچی تھی۔

اگست کے پہلے ہفتے کے دوران انفیکشن کی شرح 10.01 فیصد ہوگئی اور 2 سے 8 اگست تک 2 ہزار 794 نئے کیسز سامنے آئے۔

وزارت صحت کے ایک عہدیدار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں صورتحال تشویشناک ہے لیکن مثبت پہلو یہ ہے کہ شہر کی 50 فیصد آبادی کو ویکسین لگ چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم 80 فیصد شہریوں کی ویکسینیشن کرنا چاہتے ہیں تا کہ اجتماعی مدافعت حاصل کی جاسکے اور کیسز میں کمی آئے‘۔

مزید پڑھیں: ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی شرط: ایئر لائنز سے ٹیسٹنگ کاؤنٹر قائم کرنے کی درخواست

عہدیدار کا کہنا تھا کہ شہر کو عیدالاضحیٰ سے پہلے اور بعد میں بڑے دھچکے کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ بڑی تعداد میں لوگ اپنے آبائی علاقوں اور مارکیٹس گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام پر زور دیتے ہیں اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز پر سختی سے عمل کریں اور ماسک پہنیں مزید یہ کہ جلد از جلد ویکسین لگوالیں۔

راولپنڈی کی صورتحال

دوسری جانب راولپنڈی میں اتوار کے روز کووِڈ 19 کے 226 کیسز سامنے آئے جبکہ 23 مریضوں کو صحتیاب ہونے کے باعث ہسپتالوں سے گھر بھیج دیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق شہر میں کیسز مثبت آنے کی شرح 12.83 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ 4 اگست کو 18 فیصد کیسز مثبت آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کووڈ سے معمولی بیمار افراد میں بھی طویل المعیاد علامات کا خطرہ ہوتا ہے

ضلع راولپنڈی میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 904 فعال کیسز موجود ہیں جن میں سے 167 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جس میں 20 کا تعلق دیگر اضلاع سے ہے اور ایک ہزار 737 گھروں میں آئیسولیٹ ہیں۔

ان میں سے 31 مریض ہولی فیملی ہسپتال، 2 بینظیر بھٹو ہسپتال، 59 راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی، 4 ڈسٹرک ہیڈ کوارٹرز ہسپتال، 40 فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال، 4 بیگم اختر سلطانہ ٹرسٹ ہسپتال، 3 بلال ہسپتال جبکہ ایک ایک مریض ہارٹس انٹرنیشنل ہسپتال اور اٹک ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

شہر میں 6 مریض وینٹیلیٹرز پر 96 آکسیجن کی سہولت والے بستروں پر زیر علاج ہیں جبکہ 65 کی حالت مستحکم ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024