افغان سرحد سے فائرنگ، بارودی سرنگ کے دھماکے میں 3 فوجی زخمی
جنوبی و شمالی وزیرستان کے قبائلی اضلاع میں بارودی سرنگ کے دھماکے اور افغان سرحد سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں 3 فوجی زخمی ہوگئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے شمالی وزیرستان میں فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان میں دیواگر میں پاکستانی فوج کی پوسٹ پر فائرنگ کی۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج نے بھرپور جواب دیا تاہم دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان زخمی ہوگیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان، افغانستان سے مسلسل درخواست کر رہا ہے کہ وہ مؤثر سرحدی انتظام کو یقینی بنائے۔
بیان میں کہا گیا کہ 'پاکستان، افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے'۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرستان: دہشت گردوں کے حملوں میں دو فوجی جوان شہید
دریں اثنا ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل لاڈھا میں گاڑی کے قریب بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 فوجی زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا تنگی بدن زئی کے علاقے میں ہوا۔
حکام نے بتایا کہ ایک چھوٹا قافلہ تنگ راستے سے گزر رہا تھا جب بارودی سرنگ پھٹنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں 2 فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور چھاپہ مار کارروائی کے دوران تین مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔