• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سعودی عرب کا غیر ملکی ویکسینیٹڈ عازمین کو عمرے کی اجازت دینے کا فیصلہ

شائع August 8, 2021
پابندی فہرست میں شامل ممالک سے ویکسینیٹڈ عازمین کو آمد کے بعد قرنطینہ کرنا ہوگا—تصویر: رائٹرز
پابندی فہرست میں شامل ممالک سے ویکسینیٹڈ عازمین کو آمد کے بعد قرنطینہ کرنا ہوگا—تصویر: رائٹرز

عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کے بعد اب سعودی عرب نے بیرونِ ملک سے بتدریج ویکسینیٹڈ عمرہ عازمین کی درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے کہا گیا کہ مکہ اور مدینہ کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بیرونِ ملک سے عازمین کو خوش آمدید کہیں گے، اس گنجائش کے ساتھ جو ہر ماہ 60 ہزار سے 20 لاکھ عازمین تک بڑھ جائے گی۔

وزارت حج و عمرہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ مقامی اور غیر ملکی عازمین کو عمرے کی درخواست کے ساتھ کووِڈ ویکسینیشن کا مصدقہ سرٹیفکیٹ منسلک کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب کا ویکسینیٹڈ سیاحوں کیلئے سرحدیں کھولنے کا اعلان

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کی پابندی فہرست میں شامل ممالک سے ویکسینیٹڈ عازمین کو آمد کے بعد قرنطینہ کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے سائنو فارم یا سائنو ویک ویکسین کی دونوں خوراک لگوانے والے غیر ملکیوں کو منظورہ شدہ چاروں میں سے کسی ایک ویکسین کا بوسٹر شاٹ لگوانے کے بعد ملک میں داخلے کی اجازت دے دی تھی۔

عمرہ اسلام میں ایسی عبادت ہے جو سال میں کسی بھی وقت ادا کی جاسکتی ہے، اسے گزشتہ برس اکتوبر میں مقامی افراد کے لیے کھول دیا گیا تھا۔

قبل ازیں جولائی میں سعودی عرب نے ملک میں مقیم مکمل ویکسینیٹڈ 60 ہزار عازمین کو حج ادا کرنے کی اجازت دی تھی۔

ستمبر 2019 سے مارچ 2020 کے دوران سعودی عرب نے 4 لاکھ ویزے جاری کیے لیکن عالمی وبا نے یہ رفتار ختم کردی اور سرحدیں بند کردی گئیں۔

مزید پڑھیں:چینی ویکسین لگوانے والے غیر ملکیوں کو سعودی عرب میں داخلے کی مشروط اجازت

کورونا وائرس کے باعث عمرہ اور حج کا فریضہ بھی بری طرح سے متاثر ہوا جس سے عام حالات میں سعودی عرب کو سالانہ تقریباً 12 ارب ڈالر کا ریونیو حاصل ہوتا ہے۔

فی الحال صرف سعودی عرب کے شہریوں اور مقیم افراد کو عمرے کی اجازت ہے جنہوں نے ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوالی ہوں۔

حکومت نے سیاحت کی بحالی، کھیلوں اور تفریحی ایونٹس کی میزبانی کے لیے ملک بھر میں ویکسی نیشن مہم تیز کردی ہے، عالمی وبا کے باعث یہ تمام شعبے متاثر ہوئے ہیں۔

عالمی امور و معاملات سے الگ تھلگ رہنے والی سلطنت نے 2019 میں پہلی مرتبہ سیاحت کے لیے ویزے جاری کیے تھے، جس کا مقصد دنیا میں اس کا بہترین تصور پیدا کرنا اور سیاحوں کو راغب کرنا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024