• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سندھ میں 9 اگست سے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ

شائع August 7, 2021 اپ ڈیٹ August 8, 2021
سندھ میں لگائے گئے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے لیے پولیس چوکس کھڑی ہے— فوٹو: اے پی پی
سندھ میں لگائے گئے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے لیے پولیس چوکس کھڑی ہے— فوٹو: اے پی پی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کراچی سمیت سندھ بھر میں لگائے گئے لاک ڈاؤن کو 9 اگست کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک کے 13 اہم شہروں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا مشترکہ اجلاس وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی میزبانی میں کراچی میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، جنرل حمود اور این سی او سی کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ کے اکابرین نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: کورونا کی ڈیلٹا قسم کا پھیلاؤ، سندھ میں 8 اگست تک لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ

اجلاس میں صوبے خصوصاً کراچی میں وبا کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ حکومت سندھ کی جانب سے اعلان کردہ لاک ڈاؤن 9اگست سے ختم ہو جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت ملک کے ان تمام شہروں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا جن میں وبا کا پھیلاؤ زیادہ ہے اور ہر سطح پر بہتر روابط اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں حکومت سندھ کی ویکسینیشن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ سندھ میں اسکول کھولنے اور امتحانات لینے کے حوالے سے حتمی فیصلہ صوبائی وزرائے تعلیم کے اگلے اجلاس میں کیا جائے گا۔

دوران اجلاس لاک ڈاؤن کے خاتمے اور ماہ محرم کی آمد کے پیش نظر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد پر زور دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں مزید 4 ہزار 720 افراد وائرس کا شکار، 95 اموات

اس حوالے سے مزید فیصلہ کیا گیا کہ جن علاقوں میں وبا کا پھیلاؤ زیادہ ہے، وہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے سبب سندھ میں یکم اگست سے 8 اگست تک سخت لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا اور اس عرصے میں تمام کاروباری مراکز اور سرکاری دفاتر بند رہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 4 ہزار 720 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور 95 افراد کی موت واقع ہوئی۔

9 اگست کے بعد بھی چند پابندیاں برقرار رہیں گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی

ایڈمنسٹریٹر کراچی اور حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صوبے میں 9 اگست سے پابندیوں میں نرمی کی جائے گی تاہم چند پابندیوں کو برقرار رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں: 9 اگست سے کچھ پابندیوں میں نرمی کی جائے گی، مرتضیٰ وہاب

کراچی میں کورونا ویکسینیشن ڈرائیو تھرو سینٹر کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے جب لاک ڈاؤن کا سخت فیصلہ کیا تھا تو کہا تھا کہ 9 اگست کو صورتحال کو دیکھتے ہوئے پابندیوں کو ختم کرنے کی جانب جائیں گے، اب کراچی اور حیدرآباد میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ختم ہوگیا ہے اور اب ہمارا ہدف ہے کہ ان کیسز کی تعداد میں کمی لائیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت 9 اگست سے پابندیوں میں نرمی کرے گی تاہم پابندیوں کو برقرار رکھا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024