• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

9 اگست سے کچھ پابندیوں میں نرمی کی جائے گی، مرتضیٰ وہاب

شائع August 7, 2021
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز

ایڈمنسٹریٹر کراچی اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں 9 اگست سے پابندیوں میں نرمی کی جائے گی تاہم چند پابندیوں کو برقرار رکھا جائے گا۔

کراچی میں کورونا ویکسینیشن ڈرائیو تھرو سینٹر کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے ہر ضلع میں ڈرائیو تھرو ویکسینیشن سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'سندھ حکومت نے جب لاک ڈاؤن کا سخت فیصلہ کیا تھا تو کہا تھا کہ 9 اگست کو صورتحال کو دیکھتے ہوئے پابندیوں کو ختم کرنے کی جانب جائیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ 'کراچی اور حیدرآباد میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ختم ہوگیا ہے اور اب ہمارا ہدف ہے کہ ان کیسز کی تعداد میں کمی لائیں'۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ 'این سی او سی میں اعداد و شمار پر غور کیا گیا ہے، فیصلہ کیا گیا ہے کہ پورے پاکستان میں یکساں پالیسی پر عمل کیا جائے گا جس کے حوالے سے کل تک ایک نیا نوٹیفکیشن آجائے گا'۔

انہوں نے بتایا کہ 'صوبائی حکومت 9 اگست سے پابندیوں میں نرمی کرے گی تاہم پابندیوں کو برقرار رکھا جائے گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی شہر میں ایک دن میں ایک لاکھ 60 ہزار لوگوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، ہر جگہ ویکسینیشن کے عمل کو یقینی بنایا جارہا ہے اور عوام کی حمایت سے 18 سال یا اس سے بڑی عمر کے تمام عوام کو ویکسین لگانے کا ہم اپنے ہدف کو پورا کرلیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مخالفت پر یقین نہیں رکھتا کام پر یقین رکھتا ہوں، لوگوں کی مدد کے ساتھ شہر میں مثبت تعمیری تبدیلی لانے کی کوشش کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہی ایڈمنسٹریٹر کراچی لگا ہوں، فوری طور پر چیزیں صحیح نہیں کرسکتا۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے سندھ حکومت کے خلاف احتجاج کے اعلان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال سڑکوں پر آنا چاہتے ہیں تو گزارش کروں گا کہ ماسک پہن کر آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی رہنماؤں سے کہوں گا کہ عوام کو ماسک پہننے اور ویکسین لگوانے کی تاکید کریں۔

عیدالاضحیٰ کے بعد سے کراچی میں پیٹ کی بیماریوں کے پھیلاؤ کے حوالے سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'گزشتہ روز کے ایم سی کے حوالے سے اپنے پہلے اجلاس میں ہدایت دی ہے کہ فیومگیشن کو یقینی بنائے جائے'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024