• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیراعظم کا الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ووٹ ڈالنے کا عملی مظاہرہ

شائع August 7, 2021
شبلی فراز نے کہا کہ نئی مشینز مقامی وسائل استعمال کر کے تیار کی گئیں — فائل فوٹو: اے پی پی
شبلی فراز نے کہا کہ نئی مشینز مقامی وسائل استعمال کر کے تیار کی گئیں — فائل فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی کارکردگی پر بریفنگ لینے کے بعد میشن پر ووٹ ڈالنے کا عملی مظاہرہ کیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق بریفنگ دی تھی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کو پاکستان کی تیار کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینز پر بریفنگ

بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے مشین کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ووٹ ڈالنے کا عملی مظاہرہ کیا جس میں مشین سے نکلنے والا ووٹ ڈالا بھی جاسکے گا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے سافٹ ویئر کو اعلیٰ معیار کے مطابق بنایا گیا ہے اور اس مشین کو انٹرنیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔

اس سے قبل سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے اور اس حوالے سے ماضی میں مختلف جماعتوں کی جانب سے سامنے آنے والے تحفظات کا موثر ازالہ کرنے کے حوالے سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی افادیت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابی عمل پر عوام کا مکمل اعتماد بحال کرنے اور اس پورے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے اس اہم پیش رفت پر وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو مبارکباد دی تھی۔

خیال رہے کہ ای وی ایم مشینز وزارت سائنس کے ماتحت تین اداروں نیشنل یونیورسٹی فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کامسیٹ اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انجینیئرنگ نے مقامی ٹیکنالوجی استعمال کر کے تیار کی ہے جس کی لاگت درآمد کردہ مشینوں سے نصف ہے۔

وزیر اعظم عمران خان متعدد مرتبہ اس امر پر زور دے چکے ہیں کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور ٹیکنالوجی کا استعمال ہی انتخابات کی ساکھ کو برقرار رکھنے کا واحد حل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکٹرانک ووٹنگ سے دھاندلی نہیں ہوگی، اپوزیشن نتائج تسلیم کرلے گی، وزیر اعظم

جون میں ایک تقریب کے دوران انہوں نے اپوزیشن کو دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر ای وی ایم ماڈل میں سے انتخاب کریں جو انتخابات کی ساکھ بحال کرنے کے لیے ہمارے پاس دستیاب ہیں۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہم ایک سال سے ہم اپوزیشن سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ تعاون کریں اور ہمارے موجودہ انتخابی نظام کی اصلاح میں مدد کریں۔

واضح رہے کہ مئی میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک صدارتی آرڈیننس کی منظوری دے دی جس کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کی خریداری کا پابند ہوگا اور آئندہ انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنا حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے اہل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کیلئے آرڈیننس جاری

گزشتہ روز وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا تھا کہ وہ جلد اپوزیشن جماعتوں اور اراکین پارلیمان کو نئی تیار کردہ ای وی ایم پر بریفنگ دیں گے، ساتھ ہی اُمید ظاہر کی کہ ان کی بریفنگ کے بعد اپوزیشن کے زیادہ تر تحفظات دور ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی وزارت جلد میڈیا اور ای سی پی عہدیداران کے لیے بریفنگ کا انتظام کرے گی جہاں مشین کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024