ہنی سنگھ نے بیوی کے الزامات پر وضاحت دے دی
معروف بھارتی ریپر، گلوکار اور اداکار 38 سالہ یو یو ہنی سنگھ نے اہلیہ کی جانب سے عائد کیے گئے الزاماتا کو مسترد کرتے ہوئے انہیں گھناؤنہ قرار دے دیا۔
گلوکار کی اہلیہ شالنی سنگھ تلوار نے کچھ دن قبل شوہر پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف پروٹیکشن آف ویمن فرام ڈومیسٹک وائلنس ایکٹ کے تحت مقدمہ کرتے ہوئے 20 کروڑ روپے کا ہرجانہ طلب کیا تھا۔
تاہم اب ہنی سنگھ نے اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں انتہائی گھناؤنہ قرار دیا ہے۔
یو یو ہنی سنگھ نے 6 اگست کو اپنی طویل انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ 20 سال تک ان کی اہلیہ اور قریبی ساتھی رہنے والی خاتون نے نہ صرف ان پر بلکہ ان کے دیگر اہل خانہ پر بھی سنگین الزامات لگائے جو بدنیتی پر مبنی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہنی سنگھ پر اہلیہ نے گھریلو تشدد و جنسی استحصال کا مقدمہ کردیا
گلوکار نے لکھا کہ انہیں انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے ڈیڑ دہائی گزر چکی ہے مگر انہوں نے کبھی بھی خود پر لگے الزامات یا اپنے خلاف ہونے والی چہ مگوئیوں پر کبھی کوئی جواب یا وضاحت نہیں دی مگر وہ پہلی بار جواب دینے پر مجبور ہوئے۔
ہنی سنگھ نے لکھا کہ ان کی اہلیہ شالنی تلوار نے نہ صرف ان کے خلاف گھناؤنے الزامات لگائے بلکہ انہوں نے ان کے بوڑھے والدین اور چھوٹی بہن کے خلاف بھی جھوٹی تہمتیں لگائیں۔
گلوکار نے لکھا کہ کیریئر کے دوران ان پر مشکلات حالات بھی آئے اور ایسے حالات میں ان کے اہل خانہ نے ان کا ساتھ دیا مگر شالنی تلوار نے ان پر غلط الزامات لگائے۔
ان کے مطابق ان کی اہلیہ گزشہ ایک دہائی سے ان کے پروفیشن کا حصہ ہیں اور وہ ان کے گانوں اور منصوبوں کی ریکارڈنگ اور شوٹنگ کے دوران ان کے ساتھ رہی ہیں اور انڈسٹری کے تمام لوگ ان کے تعلقات اور رویوں سے بخوبی واقف ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ مذکورہ مسئلے پر قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور ان کا احترام کیا جائے۔
ہنی سنگھ نے بتایا کہ اب مذکورہ معاملہ عدالت میں ہے اور کورٹ نے انہیں اپنا جواب جمع کروانے کے لیے مہلت دی ہے اور وہ جلد اپنا جواب جمع کروائیں گے۔
گلوکار نے لکھا کہ عدالتوں میں سچ اور جھوٹ واضح ہوجائے گا اور یہ کہ انہیں ملکی عدالتی نظام پر پورا بھروسہ ہے اور انہیں توقع ہے کہ انہیں انصاف ملے گا۔
ہنی سنگھ کے خلاف شالنی تلوار نے 2 اگست کو پروٹیکشن آف ویمن فرام ڈومیسٹک وائلنس ایکٹ کے تحت عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے ان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔
انہوں نے گلوکار پر نہ صرف جسمانی و جنسی تشدد کے الزامات لگائے تھے بلکہ انہوں نے شوہر پر دیگر خواتین کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کے دعوے بھی کیے تھے۔
ہنی سنگھ اور شالنی تلوار نے جنوری 2011 میں شادی کی تھی تاہم انہوں نے چند سال تک اہلیہ کو میڈیا سے دور ہی رکھا تھا مگر 2014 میں انہوں نے بیوی کو ریئلٹی شو کے ذریعے لوگوں سے متعارف کروایا تھا اور بظاہر ان کے درمیان کبھی اختلافات کی خبریں سامنے نہیں آئی تھیں۔
شالنی تلوار نے شوہر کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے تھے، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ انہوں نے طلاق کی بھی درخواست دی تھی یا نہیں؟ اور اب گلوکار نے بھی اس ضمن میں نہیں بتایا کہ ان کے درمیان طلاق کے معاملات بھی زیر بحث یا نہیں؟