• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

لاہور: نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کے ولیمے میں فائرنگ، بھائی جاں بحق

شائع August 7, 2021
ملک اسد علی کھوکھر کے بھائی کو ولیمے کی تقریب کے دوران گولی ماری گئی—فائل/فوٹو: فیس بک
ملک اسد علی کھوکھر کے بھائی کو ولیمے کی تقریب کے دوران گولی ماری گئی—فائل/فوٹو: فیس بک

لاہور میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن پنجاب اسمبلی اور نامزد وزیر ملک اسد علی کھوکھر کے بیٹے کے ولیمے کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کے بھائی مبشر کھوکھر جاں بحق ہوگئے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے کہا کہ حملہ آوروں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی گاڑی کے قریب آنے کے بعد فائرنگ شروع کی جو ڈیفنس میں ہونے والی ولیمے کی تقریب میں شریک تھے۔

انہوں نے کہا کہ ‘وزیراعلی کی سیکیورٹی نے حملہ آور کو قابو میں لے کر گرفتار کیا، بدقسمتی سے اسد کھوکھر کے بھائی اس حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے ہیں’۔

حکومت پنجاب کے ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ فائرنگ کے وقت وزیراعلیٰ پنجاب تقریب میں موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسپیشل کوآرڈینیٹر عون چوہدری کو ڈی نوٹیفائی کردیا

انہوں نے کہا کہ ‘تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، ملک اسد کھوکھر فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہے اور وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر شخصیات بھی محفوظ ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘جب میں وہاں پہنچی تو ایک جیپ تیزی سے نکلی’۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شادی کی تقریب میں فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مبشر کھوکھر کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ جائے وقوع سے ثبوت جمع کیے جارہے ہیں اور شکایت موصول ہونے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عثمان بزدار نے فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات اور شادی کی تقریب کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی جامع انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

انہوں نےعفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے مزید کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان مستعفی

بیان میں مزید کہا گیا کہ فائرنگ کا واقعہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے نکلنے کے بعد پیش آیا، فائرنگ کرنے والے ملزم کو وزیراعلیٰ کی سیکیورٹی ٹیم نے موقع سے پکڑا اور ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔

قبل ازیں رکن صوبائی اسمبلی اسد کھوکھر نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی اور ملاقات کے دوران اسد کھوکھر کو دوبارہ صوبائی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اسد کھوکھر کو کل اپنی وزارت کا حلف اٹھانا تھا تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ انہیں کون سی وزارت دی جائے گی۔

اسد کھوکھر اسے قبل وائلڈ لائف اور فشریز کے وزیر رہ چکے ہیں جبکہ انہیں جولائی 2020 میں وزارت سے استعفیٰ دینے کو کہا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024