ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری دے دی
ایشیائی ترقیاتی بینک نے کووڈ-19 ویکسین کی خریداری میں مدد اور ویکسینیشن پروگرام پر عملدرآمد کی صلاحیت بہتر بنانے کے سلسلے میں پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری دے دی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتسوگو اسکاوا نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے لیے قرض ایشیائی ترقیاتی بینک کی 9 ارب ڈالر کی ایشیا پیسیفک ویکسین تک رسائی کی سہولت کے تحت منظور کیا گیا جہاں اس پروگرام کو دسمبر 2020 میں شروع کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 10 ارب ڈالر امداد دے گا
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کووڈ-19 ویکسین کی 3 کروڑ 98 لاکھ خوراکوں کے ساتھ ساتھ حفاظتی باکس اور سرنجوں کی خریداری کے لیے پاکستان کے پروگرام کی معاونت کرے گا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے سربراہ نے مزید کہا کہ اس پروگرام کا مقصد اپنے ترقی پذیر رکن ممالک کو ویکسین کی تیز تر اور مساوی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین کووڈ-19 کے پھیلاؤ اور اموات میں کمی، شہریوں میں اعتماد اور معاشی بحالی کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں کمزور طبقوں کی حفاظت میں مدد کرے گا، یہ ترقیاتی پارٹنر پیکیج کا ایک لازمی جزو ہے جس سے حکومت کو وبائی امراض کے صحت، معاشرت اور معیشت پر مرتب ہونے والے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے سربراہ نے پاکستان کو اس امر میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت پوری آبادی کی ویکسینیشن کا ارادہ رکھتی ہے، حکومت 18 سال سے زائد عمر کے 11 کروڑ 90 لاکھ افراد کی ویکسیشنیشن کی کوشش کرے اور اس سلسلے میں صحت کے رضاکاروں، بزرگوں، کمزور طبقوں بشمول مہاجرین کو ترجیح دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا ترقی پذیر ممالک کیلئے 20 ارب ڈالر کے پیکج کا اعلان
پچھلے سال مئی میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 30 کروڑ ڈالر کی ہنگامی امداد کی منظوری دی تھی تاکہ کورونا وائرس کے مرض سے نمٹنے کے لیے ملک کے کمزور نظام صحت کی معاونت کی جا سکے۔
اسی طرح جون 2020 میں ایشیائی انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے ملک کے لیے 50 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دی تھی تاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے کورونا وائرس کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے غریب خاندانوں کو نقد رقم کی منتقلی کی بدولت منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔
ناروے کی حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے زیر اہتمام گزشتہ سال پاکستان کے لیے کووڈ-19 کے لیے 52 لاکھ ڈالر کی امداد منٖظور کی تھی۔