• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

'اندرا گاندھی' کے کردار سے لارا دتہ بڑی اسکرین پر واپسی کیلئے تیار

شائع August 5, 2021
فلم بیل باٹم کا پہلا ٹریلر ریلیز کیا جاچکا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
فلم بیل باٹم کا پہلا ٹریلر ریلیز کیا جاچکا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکارہ اور سابق مس یونیورس لارا دتہ، اکشے کمار کی فلم 'بیل باٹم' سے بڑی اسکرین پر واپسی کے لیے تیار ہیں اور وہ اس فلم میں سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کریں گی۔

فلم 'بیل باٹم' کا پہلا ٹریلر ریلیز کیا جاچکا ہے اور اس میں اندرا گاندھی کے روپ میں موجود لارا دتہ کے انداز نے مداحوں کو حیران کردیا ہے کہ وہ بالکل بھی پہچانی نہیں جارہیں۔

فلم کا ٹریلر، جو ایک ڈس کلیمر کے ساتھ شروع ہوتا ہے، اس میں 1984 میں ایک بھارتی ہوائی جہاز کو ہائی جیک ہوتے دکھایا گیا ہے جس کے تمام مسافروں کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

اگلے سین میں، اس وقت کی بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی بحران سے نمٹنے کے ممکنہ طریقے کے لیے اپنے مشیروں سے مشاورت کرتی نظر آتی ہیں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق رنجیت ایم تیواری کی فلم کچھ سالوں سے تیاری کے مراحل میں تھی اور اس کا ٹریلر حالیہ دنوں ریلیز کیا گیا۔

ٹریلر میں لارا دتہ اتنے منفرد انداز میں نظر آئیں کہ جب صحافیوں نے انہیں ڈھونڈنے کی کوشش کی تو وہ الجھن کا شکار ہوگئے۔

بعدازاں صحافیوں کے سوال پر لارا دتہ نے کہا کہ 'آپ نے مجھے ٹریلر میں دیکھا، میں اندرا گاندھی کا کردار ادا کر رہی ہوں، یہ میں ہوں'۔

اپنے کردار کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’مجھے کال پر بتایا گیا کہ لارا ہم ایک فلم بنانے جا رہے ہیں اور ہم آپ کو اندرا گاندھی کے کردار کے لیے سائن کرنا چاہ رہے ہیں اور میں نے اسکرپٹ پڑھے بغیر اس کردار کے لیے حامی بھرلی تھی'۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ کسی بڑی شخصیت کا کردار نبھا رہے ہوتے ہیں تو یہ ایک بڑی ذمہ داری ہوتی ہے۔

لارا دتہ نے بتایا کہ ’اس فلم کے لیے بہت زیادہ ریسرچ اور ہوم ورک کیا گیا، یہ میرے لیے ایک ایسا موقع ہے جو شاید دوبارہ نہ ملتا'۔

اس فلم میں اکشے کمار مرکزی کردار میں ایک خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، وانی کپور اکشے کی اہلیہ کے کردار میں نظر آئیں گی جبکہ اداکارہ ہما قریشی بھی فلم کا حصہ ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024