سام سنگ کے فلیگ شپ ٹیبلیٹ کا سستا ورژن متعارف
سام سنگ اپنے فلیگ شپ ٹیبلیٹ گلیکسی ٹیب ایس 7 پلس کا زیادہ سستا 5 جی ورژن ٹیب ایس 7 ایف ای 5 متعارف کرایا ہے جو 5 اگست سے مختلف ممالک میں دستیاب ہوگا۔
ایف ای سے مراد فین ایڈیشن ہے، اس اصطلاح کا استعمال سام سنگ نے گلیکسی ایس 20 ایف ای اسمارٹ فون کے لیے کیا تھا۔
سام سنگ کی جانب سے اس اصطلاح کا استعمال اس وقت کیا جاتا ہے جب فلیگ شپ ڈیوائسز جیسے فیچرز سے لیس کم قیمت ڈیوائس پیش کی جاتی ہے۔
یہ نیا ٹیبلیٹ کوالکوم اسنیپ ڈراگون 750 جی پراسیسر سے لیس ہے جبکہ ایس 7/ ایس 7 پلس میں اسنیپ ڈراگون 865 پلس پراسیسر موجود ہے۔
اسی طرح فلیگ شپ ٹیبلیٹس کے مقابلے میں ایس 7 ایف ای میں امولیڈ ڈسپلے کی بجائے ایل سی ڈی اسکرین دی گئی ہے، تاہم کمپنی نے ریفریش ریٹ کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔
ٹیبلیٹ کے بیک پر 8 میگا پکسل جبکہ فرنٹ پر 5 میگا پکسل کیمرا موجود ہے۔
ایس 7 ایف ای میں 10090 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے جس کے ساتھ کوئیک چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔
اس میں 4 سے 6 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے گئے ہیں جس میں ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
اس کا 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 669 ڈالرز (ایک لاکھ 8 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔
6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے ٹیبلیٹ کی قیمت ابھی کمپنی نے نہیں بتائی۔
ایس 7 ایف ای کا ایک وائی فائی ماڈل ستمبر میں صارفین کو دستیاب ہوگا جس کی قیمت 530 ڈالرز (85 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔
ٹیبلیٹ کے ساتھ صارفین کو ایس پین اسٹائلوس بھی صارفین کو دستیاب ہوگا۔