• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

ارشد ندیم جیولن تھرو کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی بن گئے

شائع August 4, 2021
جیولین تھرو کا فائنل 7 اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا—فائل فوٹو: اے ایف پی
جیولین تھرو کا فائنل 7 اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے 24 سالہ ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس میں جیولن تھرو کے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

آج (4 اگست کی) صبح منعقد ہونے والے کو مقابلے میں ارشد ندیم نے 85.16 میٹر کے فاصلے پر جیولن پھینک کر گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

ارشد ندیم اس وقت جیولن تھرو کے فائنل میں جگہ بنانے والے 12 ایتھلیٹس میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

مزید پڑھیں: ‘آپ پر فخر ہے’، ویٹ لفٹر طلحہ اولمپک میں ناکامی کے باوجود ہیرو بن گئے

ان سے قبل بھارت کے نیرج چوپڑا نے 86.65 میٹر کے ساتھ پہلے جبکہ جرمنی کے جوہانس ویٹر نے 85.64 میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

آج ہونے والے مقابلے میں کوالیفائی کرنے کے بعد ارشد ندیم اولمپکس کے کسی بھی ٹریک اور فیلڈ میں فائنل تک پہنچنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔

فائنل راؤنڈ میں ارشد ندیم کا مقابلہ فن لینڈ کے لاسی ایٹالٹو سے ہوگا جنہوں نے پہلی کوشش میں 84.50 میٹر تک تھرو کیا تھا جو اس سیزن کا بہترین تھرو تھا۔

اولمپکس میں جیولین تھرو کا فائنل 7 اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔

ارشد ندیم نے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانیوں کی جانب سے دی گئی سپورٹ کے مشکور ہیں، انہوں نے فائنل میں بہترین کارکردگی کے لیے قوم سے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

یوں تو ارشد ندیم کا مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بجے تھا لیکن ان کی کارکردگی نے جلد ہی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی جو 7 اگست کو ہونے والے فائنل میں ان کے گولڈ میڈل جیتنے کے لیے دعا گو ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹوکیو اولمپکس: ماحور دوسری شکست کے بعد باہر، حسیب طارق کا 62واں نمبر

ارشد ندیم کی عمدہ کارکردگی کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بہت زیادہ سراہا جارہا ہے اور ان کے نام کا ہیش ٹیگ بھی ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

صحافی اجمل جامی نے ٹوئٹ کی کہ 'بہتریں خبر کے ساتھ آج کے دن کا آغاز، صبح بخیر پاکستان'۔

پی ٹی آئی کی ایم این اے عندلیب عباس نے لکھا کہ 'میاں چنوں سے ٹوکیو، ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا'۔

مارشل آرٹس چیمپئن کلثوم ہزارہ نے ارشد ندیم کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا اور فائنل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہمیں آپ پر فخر ہے'۔

اینکر پرسن رؤوف کلاسرا نے لکھا کہ 'ایک نیا ہیرو پیدا ہوا ہے'۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'اولمپکس میں میڈل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنے پر ارشد ندیم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں'۔

انہوں نے لکھا کہ 'ارشد کو جنوبی ایشیا کے بہترین جیولین تھرورز میں شمار کیا جاتا ہے، ان کا ذاتی بہترین ریکارڈ 86.38 کا تھرو - سیزن کے ٹاپ 10 تھرو میں شامل ہے، آپ کے لیے نیک تمنائیں'۔

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد دی گئی اور فائنل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

سابق ریئلٹی ٹی وی ہوسٹ وقار ذکا، جنہوں نے اولمپکس میں میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو 5 ہزار ڈالر دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا، ان کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے عماد حمید نے کہا کہ 'یہ بہت اچھی بات ہے'۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025