نادرا کی 'آئی ووٹنگ' نظام میں بڑی تبدیلی کی تجویز

شائع August 4, 2021
چیئرمین نادرا نے کہا کہ مجوزہ نظام محفوظ، شفاف اور قابل تصدیق ہے — فائل فوٹو / ڈان
چیئرمین نادرا نے کہا کہ مجوزہ نظام محفوظ، شفاف اور قابل تصدیق ہے — فائل فوٹو / ڈان

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین طارق ملک نے آئی ووٹنگ سسٹم میں بڑی تبدیلی کی تجویز دے دی تاکہ ووٹرز کو حتمی گنتی میں شامل ووٹوں کی تصدیق کے لیے بااختیار بنایا جاسکے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق الیکٹرانک ووٹنگ مشینز اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے طارق ملک نے کہا کہ 'انتخابات اس وقت تک صاف و شفاف نہیں ہو سکتے جب تک وہ قابل تصدیق نہ ہوں'۔

ذیلی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، وزارت پارلیمانی امور اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ 6 ماہ میں 4 لاکھ ’الیکٹرانک ووٹنگ مشین‘ بنائی جائیں گی، شبلی فراز

باوثوق ذرائع کے مطابق چیئرمین نادرا نے کہا کہ مجوزہ نظام محفوظ، شفاف اور قابل تصدیق ہے اور اس کی مکمل آڈٹ ٹریل ہوگی۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ آئین اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق آرڈیننس کی روشنی میں سسٹم تیاری کے مرحلے میں ہے جو ایک سال میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔

طارق ملک کا کہنا تھا کہ نئے نظام کے تحت انتظامی معاملات اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے اختیارات کو الگ الگ رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ای سی پی کو بھی نئے نظام سے متعلق بریفنگ دی ہے اور کمیشن نے اشارہ دیا تھا کہ یہ کام نادرا کے سپرد کیا جائے گا۔

بابر اعوان نے طارق ملک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے الیکشن کمیشن اور نادرا ایک پیج پر آرہے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں: 'اگلے انتخابات جیتیں یا ہاریں، الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہی ہوگا'

ذیلی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ باہمی مشاورت سے رپورٹ کی تیاری کے لیے نادرا اور وزارت آئی ٹی کے ماہرین بدھ (آج) کو ملاقات کریں گے۔

پینل میں اس رپورٹ پر 9 اگست کو شیڈول اس کے اگلے اجلاس میں بات کی جائے گی۔

کمیٹی نے چیئرمین نادرا کو ہدایت کی کہ وہ مختلف پارلیمانی پینلز کے لیے آئی ووٹنگ پر اپنی پریزنٹیشنز تیار رکھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024