• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بھارت نے اپنے ہمسایوں کے ساتھ ہمیشہ مذاکرات کی کوششوں کو سبوتاژ کیا، دفتر خارجہ

شائع August 3, 2021
بھارت نے رواداری، مذاکرات کی کوششوں اور بین الاقوامی قانون کو منظم طریقے سے پاؤں تلے روند ڈالا ہے، ترجمان دفتر خارجہ - فائل فوٹو:اے پی پی
بھارت نے رواداری، مذاکرات کی کوششوں اور بین الاقوامی قانون کو منظم طریقے سے پاؤں تلے روند ڈالا ہے، ترجمان دفتر خارجہ - فائل فوٹو:اے پی پی

پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران تین ترجیحات رواداری، مفاہمت اور بین الاقوامی قانون کی حمایت پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے اپنے ہمسایوں کے ساتھ ہمیشہ مذاکرات کی کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے، بہتر ہے بھارت ان ترجیحات کا چیمپئین بننے سے قبل ان اصولوں کی پاسداری کرے۔

خیال رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ سلامتی کونسل کی اگست کے مہینے میں صدارت کے دوران بھارت کی تین ترجیحات ہیں جن میں رواداری، مفاہمت اور بین الاقوامی قانون کی حمایت شامل ہیں۔

اس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت نے اپنے ہمسایوں کے ساتھ ہمیشہ مذاکرات کی کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے، بہتر ہے بھارت ان ترجیحات کا چیمپئین بننے سے قبل ان اصولوں کی پاسداری کرے۔

مزید پڑھیں: دفتر خارجہ نے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کے حوالے سے بھارتی الزامات مسترد کردیے

بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے ترجیحات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ نے اگست کے مہینے کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت کے لیے تین ترجیحات رواداری، مفاہمت اور بین الاقوامی قانون کی حمایت کا تعین کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ ایک ایسے ملک کی انتہائی منافقت ہے جس نے رواداری، مذاکرات کی کوششوں اور بین الاقوامی قانون کو منظم طریقے سے پاؤں تلے روند ڈالا ہے اور خود کو ان تین ترجیحات کی آواز کے طور پر پیش کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ انتہا پسند ’ہندو توا‘ نظریہ تمام بھارتی ریاستی اداروں میں اپنی جگہ بنا چکا ہے جبکہ آر ایس ایس۔بی جے پی حکومت کا ریکارڈ، اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کی مثالوں سے بھرا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو رواداری کا درس دینے سے قبل بھارت اپنے ملک کے اندر معاملات درست کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری جانب سے بھارت نے اپنے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعمیری اور بامعنی مذاکرات کے لیے کوششوں کو ہمیشہ سبو تاژ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالتے ہی عمران خان نے واضح کیا تھا کہ اگر بھارت امن کے لیے ایک قدم بڑھائے گا تو پاکستان دو قدم بڑھائے گا تاہم مذاکرات کے بجائے بھارت نے پانچ اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے ذریعے ماحول کو مزید خراب کیا۔

یہ بھی پڑھیں: دفتر خارجہ کی سابق کینیڈین وزیر کے پاکستان سے متعلق بیان کی مذمت

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اب یہ بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بامعنی مذاکرات کے لیے ساز گار ماحول پیدا کرے جس سے خطے میں امن کو فروغ ملے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک بین الاقوامی قوانین کا تعلق ہے تو بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے زائد سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کی کھلم کھلا مخالفت کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی اقدامات بھی اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کے قراردادوں، فورتھ جینوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت خود کو تینوں ترجیحات کا چیمپئین کے طور پر پیش کرنے سے قبل ان اصولوں کی پاسداری کرے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024