ٹوکیو اولمپکس: برطانیہ کی ویمنز ٹیم ہاکی کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی
برطانیہ نے اسپین کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر ویمنز اولمپک ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں چوتھی ٹیم کے طورپر رسائی حاصل کر لی۔
بھارت، ارجنٹینا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ اور اسپین کے درمیان مقررہ وقت میں مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا، برطانیہ نے شوٹ آؤٹ راؤنڈ میں دو گول کیے جبکہ اسپین، تجربہ کار انگلش گول کیپر میڈیلین ہِنچ کی زبردست کارکردگی کے باعث 4 مرتبہ گول کرنے سے محروم رہا۔
سیمی فائنل میں برطانیہ کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا جس نے نیوزی لینڈ کو 0-3 گول سے شکست دی تھی اور لائڈویج ویلٹن، فریڈرک ماٹلا اور لورین اسٹم نے گول کیے تھے۔
مزید پڑھیں: ٹوکیو اولمپکس: اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر تنقید درست کیوں نہیں؟
بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف 0-1 سے فتح حاصل کی تھی، بھارت سیمی فائنل میں ارجنٹینا کے مدمقابل ہوگا۔
جنوبی امریکا کے ملک ارجنٹینا نے کوارٹر فائنل میں جرمنی کو 0-3 سے ہرا کر 2012 کے بعد پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔