وبا کی چوتھی لہر: پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز 75 ہزار سے متجاوز
گزشتہ چند روز سے پاکستان کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کے باعث وبا کی چوتھی لہر کا سامنا کررہا ہے جس کے نتیجے میں سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے صوبے میں لاک ڈاؤن لگانے کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے بھی گزشتہ روز ملک میں عوامی سرگرمیوں پر دوبارہ پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں وائرس کی تشخیص کے لیے 49 ہزار 798 ٹیسٹس کیے گئے جس میں سے 7.19 فیصد یا 3 ہزار 582 ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ گزشتہ روز کیسز کی تعداد 4 ہزار 858 تھی۔
علاوہ ازیں مزید 67 مریض کووِڈ کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ایک ہزار 355 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔
پاکستان میں اب تک رپورٹ ہونے والے کوِوِڈ کیسز کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 43 ہزار 277 تک پہنچ چکی ہے جس میں سے 23 ہزار 529 انتقال کر گئے جبکہ 9 لاکھ 44 ہزار 375 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں ہفتے میں دو دن چھٹی، کاروبار رات 8 بجے بند کرنے کا اعلان
اس وقت ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 75 ہزار 373 ہے۔
این سی او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹر پر کووڈ-19 کے زیر علاج مریضوں کی شرح کراچی میں 17 فیصد، پشاور میں 28 فیصد، لاہور میں 21 اور اسلام آباد میں 38 فیصد ہے۔
اسی طرح ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر زیر علاج مریضوں کی شرح ایبٹ آباد میں 53 فیصد، کراچی میں 57 فیصد، پشاور میں 31 فیصد اور اسلام آباد میں 35 فیصد ہے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 43 ہزار 277 ہے جس میں سے پنجاب میں 3 لاکھ 58 ہزار 387، سندھ میں 3 لاکھ 87 ہزار 261، بلوچستان میں 30 ہزار 627، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 45 ہزار 306 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: حکومت سندھ کا کراچی میں مزید 11 ‘ماس کووڈ ویکسینیشن سینٹرز’ بنانے کا اعلان
علاوہ ازیں وفاقی یونٹس میں اسلام آباد میں 88 ہزار 344، آزاد کشمیر میں 25 ہزار 34 اور گلگت بلتستان میں 8 ہزار 318 کووِڈ کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 23 ہزار 529 ہو چکی ہے، جن میں سے سندھ میں 6 ہزار 57 اموات ہوئی جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 مریض ہسپتالوں میں جاں بحق ہوئے۔
پنجاب میں 11 ہزار 83 اموات ہیں اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 13 مریض ہسپتالوں میں جبکہ 3 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 477 اموات ہوچکی ہیں جن میں سے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 9 مریض ہسپتالوں میں جاں بحق ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیلٹا کو کورونا کی سب سے زیادہ متعدی قسم بنانے والی جینیاتی تبدیلیاں
اسلام آباد میں اموات کی مجموعی تعداد 804 ہے جس میں سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک مریض ہسپتال میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا۔
بلوچستان میں 328 اموات، گلگت بلتستان میں 147 اموات جبکہ آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 633 اموات ہو چکی ہیں اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔
اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایک کروڑ 61 لاکھ 58 ہزار 330 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں اور اس وقت ملک بھر میں کووڈ کے علاج کے لیے مختص 639 ہسپتالوں میں 3 ہزار 838 مریض زیر علاج ہیں۔