• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

برطانوی وزیر اعظم کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع

شائع August 3, 2021
بورس جانسن اور کیری نے رواں برس مئی میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: اے پی
بورس جانسن اور کیری نے رواں برس مئی میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: اے پی

وزارت عظمیٰ کے عہدے پر براجمان رہتے ہوئے گزشتہ برس اپریل میں والد بننے والے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ہاں جلد دوسرے بچے کی پیدائش بھی متوقع ہے۔

بورس جانسن کو پہلے ہی دو خواتین سے کم از کم 5 بچے ہیں اور ان کے ہاں وزارت عظمیٰ کے عہدے کے دوران دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد وہ پہلے برطانوی وزیر اعظم ہوں گے جن کے ہاں مسلسل دو سال میں بچے ہوں گے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق بورس جانسن کی اہلیہ 34 سالہ کیری جانسن نے انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ وہ حمل سے ہیں اور جلد ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

برطانوی وزیر اعظم کی اہلیہ نے تصدیق کی کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش رواں برس دسمبر میں متوقع ہے اور ممکنہ طور پر وہ کرسمس کے دن والدہ بنیں گی۔

کیری سائمنڈ کے ہاں گزشتہ برس اپریل میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی—فوٹو: کیری جانسن فلکر
کیری سائمنڈ کے ہاں گزشتہ برس اپریل میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی—فوٹو: کیری جانسن فلکر

کیری جانسن نے اپنی پوسٹ میں یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کا حمل ٹھہرنے سے قبل ایک حمل ضائع بھی ہوا تھا، جس کی وجہ سے انہیں تشویش تھی کہ شاید وہ دوبارہ اُمید سے نہ ہوں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں برطانوی خواتین میں بانجھ پن سے متعلق بھی بات کی اور اس بات پر شکر ادا کیا کہ وہ دوبارہ اُمید سے ہیں لیکن ساتھ ہی بتایا کہ ایک حمل ضائع ہوجانے کی وجہ سے وہ تاحال اضطراب میں مبتلا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ہاں بیٹے کی پیدائش

کیری جانسن کی جانب سے اپنے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش کی خبر دیے جانے کے بعد متعدد سیاسی و شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی۔

کیری سائمنڈ نے رواں برس مئی میں سادگی سے بورس جانسن سے شادی کی تھی، وہ 200 سالہ برطانوی تاریخ میں پہلے وزیر اعظم بنے تھے، جو وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے رشتہ ازدواج میں بندھے تھے۔

ان کے ہاں خود سے 24 سال کم عمر منگیتر سے شادی سے قبل گزشتہ برس اپریل میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی اور وہ ان چند برطانوی وزرائے اعظم میں بھی شامل ہوگئے تھے، جو عہدے پر براجمان ہوتے ہوئے والد بنے تھے۔

کیری سائمنڈ برطانوی وزیر اعظم کی تیسری اہلیہ ہیں—فائل فوٹو: اسکائے نیوز
کیری سائمنڈ برطانوی وزیر اعظم کی تیسری اہلیہ ہیں—فائل فوٹو: اسکائے نیوز

مگر اب ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد وہ پہلے برطانوی وزیر اعظم بن جائیں گے، جن کے ہاں مسلسل دو سال میں بچوں کی پیدائش ہوگی۔

ان سے قبل 2010 میں برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کو بھی وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے بچہ ہوا تھا جب کہ سال 2000 میں ٹونی بلیئر پر عہدے پر براجمان ہوتے ہوئے والد بنے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 19ویں صدی میں کوئی بھی برطانوی وزیراعظم عہدے پر رہتے ہوئے والد نہیں بنے تھے، ٹونی بلیئر سے قبل 1840 کے بعد لارڈ جان رسل کے ہاں بچے کے پیدائش ہوئی تھی۔

کیری سائمنڈ برطانوی وزیر اعظم سے 24 سال کم عمر ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
کیری سائمنڈ برطانوی وزیر اعظم سے 24 سال کم عمر ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

جان رسل برطانوی تاریخ کے پہلے وزیر اعظم تھے جو عہدے پر براجمان ہوتے ہوئے والد بنے تھے اور اب بورس جانسن وہ پہلے پرائم منسٹر بنیں گے جو مسلسل دو سال میں دوبار والد بنیں گے۔

ان کے پہلے بھی کم از کم چار بچے ہیں اور انہوں نے کیری سائمنڈ سے تیسری شادی کی ہے، بورس جانسن نے کبھی کھل کر اپنے بچوں کا اعتراف نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: کیا برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے تیسری شادی کرلی؟

انہوں نے پہلی شادی اطالوی نژاد برطانوی خاتون الجرا موسٹن سے 1987 میں کی تھی لیکن دونوں کی شادی محض 6 سال کے اندر 1993 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔

پہلی شادی ناکام ہونے کے چند ہی ہفتے بعد انہوں نے پاک و ہند نژاد برطانوی نسل کی خاتون مرینا ویلر سے 1993 میں شادی کی تھی اور جوڑے کے ہاں شادی کے ابتدائی 6 ماہ میں ہی پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

مرینا ویلر اور بورس جانسن کی شادی 25 سال تک قائم رہی تھی اور دونوں کے ہاں 4 بچے پیدا ہوئے لیکن 2018 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور ان کی طلاق کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024