• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی کے عوام کے لیے موبائل ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان

شائع August 2, 2021
پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب کراچی میں میڈیا سے گفتگ کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب کراچی میں میڈیا سے گفتگ کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

حکومت سندھ نے کراچی کے عوام کو کورونا ویکسینیشن کے لیے سہولت فراہم کرنے کے لیے موبائل ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

حکومت سندھ کے ترجمان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے موبائل ویکسینیشن سینٹرز کے قیام کا بھی فیصلہ کیا تھا تاکہ کمپنیاں، کاروبار اور آرگنائزیشن وغیرہ میں ایک جگہ بڑی تعداد میں موجود افراد کو کہیں اور آنے کی ضرورت محسوس نہ ہو۔

مزید پڑھیں: کراچی کے ویکسینیشن سینٹرز پر عوام کا جمِ غفیر

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سندھ حکومت نے صنعتی ایسوسی ایشنز سے بات کر کے ان کے مراکز میں ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جبکہ فواٹی میں ہم نے دو ماہ قبل ویکسینیشن سینٹر قائم کیا تھا تاکہ مزدور وغیرہ کو ہسپتال نہ جانا پڑے اور وہ یہیں قریب میں ویکسینیشن کرا سکیں۔

حکومت سندھ کے ترجمان نے کہا کہ ویکسینیشن کی معقول مقدار میں موجودگی اور ترسیل میں کسی قسم کے مسائل نہیں ہونے کی بدولت ہم نے لوگوں کی بڑی تعداد کی ویکسینیشن سینٹر میں آمد کو دیکھتے موبائل ویکسینیشن سینٹر کے قیام کا فیصلہ کیا جس سے لوگوں کو مزید آسانی ہو سکے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں فواٹی کا شکر گزار ہوں کہ ہم ان کے تعاون سے موبائل ویکسینیشن سینٹر قائم کر سکے اور انہوں نے ہمیں مفت ویکسینیشن وین عطیہ کی تاکہ ہم مزدوروں کو ویکسین لگوا سکیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ان لوگوں کی نفی ہوئی ہے جو یہ کہہ رہے تھے کہ ویکسین لگانا ضروری نہیں ہے اور اگر آج سے 10 روز قبل 50 سے 60ہزار لوگوں کی ویکسینیشن ٓہوتی تھی تو آج ہم نے ایک دن میں دو لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مکمل لاک ڈاؤن لگانے سے پہلے یومیہ اجرت کمانے والوں کا سوچیں، وزیراعظم کی حکومتِ سندھ کو ہدایت

انہوں نے کہا کہ کل سے کراچی کے ایک ضلع میں موبائل ویکسینیشن شروع کر دیں گے اور ہماری کوشش ہے کہ شہر کے تمام اضلاع میں موبائل ویکسینیشن کا عمل شروع کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک کے بہترین مفاد میں ڈاکٹرز کی مشاورت کے ساتھ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا، جو لوگ کہتے ہیں کہ معیشت کو بند کردیا تو وہ نوٹیفکیشن کو دیکھ لیں، اعلامیے میں صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے لہٰذا چیزوں کو پڑھے بغیر اس طرح کے اعلانات نامناسب ہیں۔

دوسری جانب کراچی کے شہریوں کے لیے ویکسینیشن کے لیے شناختی کارڈ کی شرط کو ختم کردیا گیا ہے اور اب شہری شناختی کارڈ کے بغیر بھی ویکسین لگوانے کے اہل ہوں گے۔

محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر مہر خورشید نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری اب ویکسینیشن سینٹر پر بائیو میٹرک کرا سکیں گے اور انہیں اپنے زیر استعمال موبائل نمبر کو رجسٹر کرانا ہو گا۔

مزید پڑھیں: حکومت سندھ کا کراچی میں مزید 11 ‘ماس کووڈ ویکسینیشن سینٹرز’ بنانے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ویکسین کے ہر ڈوز کی دستاویز تیار کی جائے گی، ہم ہر شخص کا نام اور تفصیلات کا اندراج کریں گے، کراچی کے ایکسپو سینٹر میں قائم ویکسینیشن سینٹر میں بائیو میٹرک سہولت موجود اور اب یہ سہولت شہر کے تمام سینٹرز میں دستیاب ہے۔

مہر خورشید نے کہا کہ اب تک شناختی کارڈ کے بغیر 2 ہزار سے زائد شہریوں کی ویکسینیشن کی جا چکی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت کراچی میں ایکسپو سینٹر کے علاوہ ڈاؤ اوجھا کیمپس، خالق دینا ہال، جناح ہسپتال، لیاری جنرل ہسپتال، چلڈرن ہسپتال، سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی، سندھ گورنمنٹ ہسپتال لیاقت آباد، سندھ گورنمنٹ قطر ہسپتال ، ایس جی ہسپتال مراد میمن گوٹھ اور ایس جی ہسپتال کورنگی میں بھی ویکسینیشن کی سہولت دستیاب ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024