• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شوگر اسکینڈل: شہباز شریف، حمزہ شہباز کی ضمانت میں 16 اگست تک توسیع

شائع August 2, 2021
ضمانت کی مدت پوری ہونے پر عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیش ہوئے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ضمانت کی مدت پوری ہونے پر عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیش ہوئے—فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور کی سیشن عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی شوگر اسکینڈل کیس میں عبوری ضمانت میں 16 اگست تک توسیع کردی جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بھی تفتیشی رپورٹ جمع کروادی۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو شوگر اسکینڈل میں 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا ہے۔

ایف آئی اے نے نومبر 2020 میں پاکستان پینل کوڈ، پریوینشن آف کرپشن ایکٹ اور انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کی ضمانت منظور

واضح رہے کہ ضمانت کی مدت پوری ہونے پر عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیش ہوئے تھے۔

قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایوانِ زیریں کا اجلاس آج ہوگا جو 13 اگست تک جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے مؤکل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنی ہے اور عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی آئندہ سماعت اسمبلی اجلاس ختم ہونے کے بعد تک ملتوی کردی جائے۔

اس پر جج حامد حسین نے کہا کہ وہ ڈیوٹی جج کی جگہ سماعت کررہے ہیں اور شہباز شریف کے وکیل کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں خصوصی عدالت سے رجوع کریں۔

مزید پڑھیں: شوگر اسکینڈل تحقیقات: ‘حمزہ شہباز نے بینک ڈپازٹ سے لاعلمی کا اظہار کردیا'

دریں اثنا حمزہ شہباز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا جس کا جواب جمع کروادیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے لاہور نے شہباز شریف کو شوگر اسکینڈل کیس کی تحقیقات کے لیے ریکارڈ سمیت 22 جون جبکہ حمزہ شہباز کو 24 جون کو طلب کیا تھا۔

جس پر دونوں نے 21 جون کو لاہور کی بینکنگ عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی تھی جس میں بعدازاں توسیع ہوگئی تھی۔

ایف آئی اے کی رپورٹ

جج نے سماعت میں موجود ایف آئی اے عہدیدار سے تفتیش ہونے والی پیش رفت کے بارے میں دریافت کیا جس پر تفتیشی افسر نے عدالت میں رپورٹ جمع کروادی۔

ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق شہباز اور حمزہ رمضان شوگر ملز کے مالکان ہیں جو 'بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ' کے لیے استعمال ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: شوگر اسکینڈل کیس میں جہانگیر ترین، حمزہ شہباز کی گرفتاری کا امکان

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ملزمان کے خلاف الزامات ثابت کرنے کے لیے ٹھوس شواہد موجود ہیں، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے سال 2008 سے 2018 کے درمیان 'مشتبہ بینک اکاؤنٹس' کے ذریعے ٹرانزیکشنز کیں۔

ایف آئی اے نے اپنی رپورٹ میں یہ خدشات بھی ظاہر کیے کہ اگر ملزمان کو ضمانت پر رہا رہنے دیا گیا تو امکان ہے کہ 'وہ منی لانڈرنگ کی آمدنی کی ممکنہ منتقلی سے متعلق اہم گواہوں/ریکارڈ کو اپنے زیر اثر کرلیں گے'۔

رپورٹ میں نشاندہی کی کہ مقدمے میں منی لانڈرنگ کے '3 اہم سہولت کار' سلیمان شہباز، سید محمد طاہر نقوی اور ملک مقصود احمد پہلے ہی برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کو 'مفرور' ہیں اور ممکنہ طور پر شہباز اور حمزہ بھی یہی کریں گے۔

اس بنیاد پر ایف آئی اے نے رپورٹ میں عدالت سے درخواست کی کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کی جائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024